آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری انتقامی کارروائی ہے، نفیسہ شاہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

PPP leader nafisa shah criticizes NAB

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عدالت میں پابندی سے پیش ہونے اور مکمل تعاون کے باوجود وارنٹ جاری کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اس نیب گردی کو مسترد کرتی ہے، سابق صدر آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنا انتہائی تشویشناک، قابل مذمت اور انتقامی کارروائی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سابق صدر کورونا اور بیماری کے باوجود پابندی سے عدالت کے روبرو پیش ہوتے آئے ہیں، انہوں نے کہاکہ عدالت میں پابندی سے پیش ہونے اور مکمل تعاون کے باوجود وارنٹ جاری کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے کہاکہ سابق صدر اس وقت بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں، اس دوران وارنٹ جاری کرنا ملک میں انارکی پھیلانے کی سازش ہے، سابق صدر ملک میں موجود ہیں ملک سے باہر نہیں جا رہے نہ ہی عدالت میں پیش ہونے سے انکاری ہیں پھر وارنٹ جاری کرنے کا مقصد آخر کیا؟۔

نفیسہ شاہ نے کہاکہ حکومت اس طرح کے فیصلوں سے اپوزیشن کی تضحیک کرنا اور حالات خراب کرنے کی سازش فوری بند کرے۔

انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے جلسے کے ایک روز قبل وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ حکومت کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے، نیب حکومت کے ہاتھوں میں کھیلنا بند کرے، پیپلزپارٹی نیب کے اس کالے قانون کو مسترد کرتی ہے۔

نفیسہ شاہ نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی قیادت کے لئے جیل اور گرفتاریاں کوئی نئی بات نہیں، پیپلزپارٹی کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی بلکہ قانونی جنگ جاری رکھے گی۔

مزید پڑھیں:نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد وارنٹ کے اجراء سے متعلق فیصلہ کریں گے، پیپلزپارٹی اس عمل کو نیب گردی اور انتقامی کارروائی سمجھتے ہوئے فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔

Related Posts