سندھ حکومت کا کراچی کی خواتین کیلئے 2 ماہ تک فری ٹرانسپورٹ کا اعلان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

فوٹو پاکستان آبزرور

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی کی خواتین کو بڑی خوشخبری دے دی۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے اعلان کیا کہ دو ماہ تک پنک بس میں کراچی کی خواتین کو فری سروس فراہم کی جائے گی۔

پریس کانفرنس کے دوران شرجیل انعام میمن کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اہم رہنما فریال تالپور بھی موجود تھیں۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنک بس سروس کے نئے روٹ پر جلد بسیں دوڑتی ہوئی نظر آئیں گی۔ پنک بس سروس کراچی کی خواتین کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کا تحفہ ہے۔

پی پی پی رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت سندھ بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق اس لگژری بس سروس کے ذریعے خواتین کو ٹرانسپورٹ کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت نے عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے ہیں۔

اس موقع پر پی پی کی مرکزی رہنما فریال تالپور نے کہا کہ میں نے کچھ عرصہ قبل درخواست کی تھی کہ خواتین کیلئے کچھ عرصے تک فری سروس فراہم کی جائے، شرجیل میمن صاحب نے میری درخواست پر آج عملدرآمد کا اعلان کیا ہے، جس پر میں ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے پنک پیپلز بس سروس کے لیے دو نئے روٹس کا اعلان کیا۔

Related Posts