نواز شریف کا مقصد پاکستان کے اداروں کو بدنام کرنا ہے۔حلیم عادل شیخ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ہم نے حساب دیدیا، بلاول سندھ میں 13 سالہ کارکردگی بتائیں، حلیم عادل شیخ
ہم نے حساب دیدیا، بلاول سندھ میں 13 سالہ کارکردگی بتائیں، حلیم عادل شیخ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما حلیم عادل شیخ نے کورٹ آف انکوائری رپورٹ پر سابق وزیرِ اعظم کے ردِ عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کا مقصد ہی پاکستان کے اداروں کو بدنام کرنا ہے۔

کورٹ آف انکوائری رپورٹ پر اپنے ویڈیو بیان میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سندھ اسمبلی میں تحریکِ انصاف کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گزشتہ شب جب سے آرمی چیف کی انکوائری رپورٹ آئی ہے، اپوزیشن جماعتیں بغلیں بجا رہی ہیں۔ آرمی چیف نے بڑا قدم اٹھایا اور ایکشن لیا گیا۔ رپورٹ میں کہیں نظر نہیں آتا کہ آئی جی سندھ کو اغواء کیا گیا ہو۔ 

مزارِ قائد پر نعرے بازی کے حوالے سے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہمارے اراکینِ سندھ اسمبلی اور عوام غم و غصے سے تھانے پہنچے اور سوال کیا کہ نعرے بازی کیوں ہوئی؟ اگر پولیس بر وقت ایف آئی آر درج کرتی اور کارروائی ہوتی تو ایسا نہ ہوتا۔ ہم کراچی کے نمائندے ہیں اور اس وقت بھی کراچی کی نمائندگی ہمارے پاس تھی۔ نواز شریف کا ٹویٹ افسوسناک ہے۔

تحریکِ انصاف رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ نواز شریف نے جس انداز سے انکوائری رپورٹ مسترد کرنے کی بات کی، اس سے ثابت ہوگیا کہ ان کا مقصد ہمارے اداروں کو بدنام کرنا ہے۔ نجی ٹی وی میزبانوں نے بھی آئی جی سندھ کے اغواء کا ثابت ہونا بیان کیا لیکن ایسا نہیں ہے۔ کراچی کے امن کیلئے رینجرز نے بہت کام کیا۔ جوانوں نے بلوچستان سے لے کر پورے ملک میں جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ایک واقعے پر 2 اداروں کے خلاف باتیں درست نہیں، میرے بھانجے نے واقعے پر ایف آئی آر کٹوائی اور ہم عدالت میں موجود رہے۔ ہماری خواہش ہے کہ مدعی کا بیان لیا جائے۔ آرمی کی رپورٹ تو آگئی لیکن پولیس نے جو بغاوت کی، اس کی انکوائری کون کرے گا؟سندھ حکومت ثابت کرے کہ اس نے کیا کیا؟ واقعے کے بعد سب سے پہلے مزارِ قائد کی انتظامیہ کی درخواست آئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو خوش کرنے کیلئے مزارِ قائد پر نعرے لگانا کیا ٹھیک تھا؟ن لیگ نے مسائل پیدا کرکے اداروں کو بدنام کیا جبکہ پاکستان میں ففتھ جنریشن جنگ چل رہی ہے۔ صفدر اعوان نے جو کیا، اس کی انہیں سزا ملنی چاہئے، پی ڈی ایم کے کوئی الزامات رپورٹ میں درست ثابت نہیں ہوئے۔ نواز شریف کے فوج مخالف بیانیے کو چلنے نہیں دیں گے۔ 

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی الیکشن جیت سکتی ہے، سروے رپورٹس

Related Posts