کراچی کے حوالے سے سپریم کورٹ کےاحکامات پر من و عن عمل کریں گے، ناصر حسین شاہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

KCR case: SC directs Sindh govt to timely complete construction work
Supreme-Court

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس نے کراچی میں غیر قانونی عمارتیں گرانے کا حکم دیا ہےجس پر پر من و عن عمل کریں گے۔

کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے اور ہم چیف جسٹس کے شہر کی بہتری کے وژن کے ساتھ ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پہلے کام کرنے میں دیگر رکاوٹیں آجاتی تھیں مثلاً نہر خیام پر ہم کام کرنا چاہتے تھے اور اس کے لیے کچھ الاٹمنٹس کو منسوخ اور تجاوزات کو ہٹایا بھی گیا لیکن اس منصوبے پر حکم امتناع آگیا۔

ان کاکہناتھا کہ کراچی بڑا شہر ہے مکمل تجاوزات کے خاتمے میں وقت لگے گا، شہر میں 900 سےزائد غیرقانونی تعمیرات ہیں جنہیں چیف جسٹس نے گرانے کاحکم دیا لہذا احکامات پر عمل ہوگا لیکن اس کے لیے وقت درکار ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد ماتحت عدالتوں کے فیصلے کالعدم ہوجائیں گے تو اس سے ہمیں مدد ملے گی اور اس قسم کی بہت سی چیزیں ہیں جس پر عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل بہت اکھاڑ پچھاڑ ہوئی تھی جس میں کئی تبادلے اور تعیناتیاں کی گئیں تھیں اور نگرانی کمیٹی بھی بنائی گئی تھی، غیر قانونی تعمیرات میں کئی افراد ملوث ہوتے ہیں جبکہ 900 سے زائد غیر قانونی تعمیرات کو ختم کیا گیا تھا۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پہلے مرحلےمیں ایسی عمارتوں کو گرایاجائے گا جہاں لوگ نہیں رہتےجبکہ دوسرے مرحلے میں ایسی عمارتیں گرائیں جائیں گی جہاں لوگ مقیم ہیں لیکن انسانی ہمدری کے تحت پہلے انہیں متبادل جگہ فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا سرکاری کوارٹرز میں قائم تمام غیر قانونی تعمیرات فوری گرانے کا حکم

صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بے گھر نہیں کرنا چاہتے لیکن دوسروں کی جگہوں پر قبضہ بھی صحیح نہیں ہے،سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے کہ جہاں لوگ رہتے ہوں وہاں لوگوں کو نہ ہٹایا جائے اس لیے جن عمارات میں لوگ نہیں رہتے پہلے انہیں گرائیں گے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے شکایات سیل بنایا گیا ہے اور کرپشن کی شکایت پر ون ونڈو آپریشن شروع کیا گیا ہے، بعض اوقات حکم امتناع ہمارے کام میں رکاوٹ ڈالتے ہیں لیکن سپریم کورٹ احکامات سے ہمیں آسانی ہوجائے گی۔

ان کا کہناتھا کہ کراچی میں دیگر ممالک سے بھی لوگ غیر قانونی طور پر مقیم ہیں چیف جسٹس ان افراد کے خلاف بھی ایکشن لیں،کچی آبادیوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے جامع پروگرام تشکیل دیا جارہا ہے جس کے لیے 2 سے 4 آبادیوں کو ماڈل آبادی بنایا جائے گا اور اس کے بعد بہتری آئے گی۔

Related Posts