آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر ووٹ دینے کے حق میں نہیں تھے ،نوازشریف نے پھرتی دکھائی ‘اعتزاز احسن

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

PPP senior leader Aitzaz Ahsan

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور:پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئرمرکزی رہنما اعتزازاحسن نے کہا ہے کہ اس ملک میں کبھی بھی سویلین بالا دستی نہیں رہی ،آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر ووٹ دینے کے حق میں نہیں تھے ۔

نوازشریف نے اس معاملے پرپھرتی دکھائی ،میں 1985ء سے نواز شریف پراعتبارنہیں کرتا ، نواز شریف نے پیسے نہیں دئیے بلکہ 80 اراکین اسمبلی کے ووٹ دے کر این آر او کیا۔

عمران خان این آر او نہ ہونے کی بات کرتے ہیں لیکن وہ تو ہو گیا ہے ، میں نے تو 2014ء میں جلسے میں کہا تھاکہ بلاول بھٹو زرداری پارٹی کے معاملات سنبھالیں ،بلاول بھٹو جو سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے بہت کچھ حاصل کیا ہے ،شہریت کے قانون کے بعد بھارت اورمودی دنیا اور عالمی میڈیا کے ریڈار پرآگئے ہیں اور خود بھارت کی عوام اس کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے ۔

لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ بھارت نے چھ ماہ سے کشمیرمیں کرفیولگارکھا ہے لیکن یہ معاملہ عالمی میڈیا میں کچھ نیچے جارہا تھا لیکن جب سے مودی نے شہریت قانون پاس کیا ہے یہ معاملہ اتنی آسانی سے ختم نہیں ہوگا۔ بھارت میں غیر مسلم بھی مسلمانوں کی حمایت میں باہر نکل آئے ہیں ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس ملک میں کبھی بھی سویلین بالادستی نہیں رہی اور سویلین بالا دستی صرف کہنے کی باتیں ہیں ۔ایک فوجی گرفتار ہوا،نوازشریف کو عدالت نے سزا دی لیکن وہی فوجی ایک سال بعد انہیں ملک سے باہر بھجوا دیتا ہے ۔

انہوں نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل کے حوالے سے کہا کہ ہم ووٹ دینے کے حق میںنہیں تھے ،پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے موقف اپنایا کہ اسے پروسیجر اور طریق کار کے مطابق پاس ہونا چاہیے ۔

پیپلزپارٹی نے اس بل میں ترامیم کی بات کی کہ سروسز چیفس کی توسیع کا کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی یا کابینہ کرے اور اس معاملے پر پارلیمان کو جوابدہ ہوا جائے ۔ جہاں تک میرا سوال ہے تومجھے ذاتی طور پر ووٹ دینے پر دکھ ہوا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے اس معاملے پر پھرتی دکھائی اور انہوں نے اپنے اراکین کو ایک خط بھی لکھا ۔ پھر ہم نے بھی سوچ بچار کی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کااختیار ہے کہ وہ آرمی چیف کو ڈس مس کرے لیکن کوئی آرمی چیف وزیراعظم کو ڈس مس نہیںکرسکتا ۔

1956،1972،1973حتی کہ بھارت کے آئین میں مدت کا ذکر نہیں اوریہ وزیر اعظم کی صوابدید پرہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کس چیز کے تحت باہر چلے گئے ؟، نواز شریف (ن) لیگ کے ووٹ بیچ کرباہر گئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ میں نے سانحہ کارساز کی برسی کے موقع پر 18اکتوبر2014کو جلسے میں کہا تھاکہ بلاول بھٹو کو پارٹی کا انتظام سنبھال لینا چاہیے ، بلاول بھٹو کافی حد تک خود مختار ہیں ،ڈیڑھ سال میں نوازشریف، شہبازشریف، آصف علی زرداری اور عمران خان نے رونمائی کے بعد جو سیاست کی ہے ان سب میں بلاول بھٹو نے جوسیاست کی ہے اس میں وہ نیٹ گینر نظرآتے ہیں۔

مزید پڑھیں:انتہا پسندانہ نظریہ نے بھارت کے ایک ارب سے زائد عوام کو یرغمال بنا لیا ہے ،عمران خان

انہوں نے ایک نوجوان سے میچورلیڈرکی طرف سفر طے کیا ہے ان کی زبان شائستہ ، ہونٹوں پر مسکراہٹ اور لہجہ شیریں ہیں جبکہ باقی دبڑدروس کر رہے ہیں، انتخابات پہلے ہوںیا2023 میں انہوں نے بہت کچھ حاصل کرلیا ہے۔

انہوں نے امریکہ ایران کے معاملے پر وزیراعظم کے بیان کے حوالے سے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے کوئی امید نہیں کی جا سکتی کہ وہ اپنے بیان پر قائم رہیں گے یا نہیں ۔

ہوسکتا ہے کہیں سے پیغام آجائے کہ ہم چار لاکھ پاکستانیوں کو واپس بھیج رہے ہیں، چھ ارب ڈالرواپس کر دیں تو انہیں وسیع تر قومی مفاد میں اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹنا پڑجائے اور وہ عموماً اپنے فیصلوں سے پیچھے ہٹتے رہے ہیں ۔

Related Posts