مولانا فضل الرحمان نے طبیعت کی ناسازی کے باعث سیاسی سرگرمیاں بند کردیں

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مولانا فضل الرحمان نے طبیعت کی ناسازی کے باعث سیاسی سرگرمیاں بند کردیں
مولانا فضل الرحمان نے طبیعت کی ناسازی کے باعث سیاسی سرگرمیاں بند کردیں

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پشاور: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے طبیعت ناساز ہونے کے باعث اپنی تمام تر سیاسی و سماجی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان گزشتہ 2 روز سے بخار میں مبتلا ہونے کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع اپنی رہائش گاہ میں رہائش پذیر ہیں، مولانا فضل الرحمان نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی کرایا تھا۔

سیاسی ذرائع کے مطابق جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آیا، تاہم طبیعت کی ناسازی کے باعث مولانا فضل الرحمان کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے ڈیرہ اسماعیل خان سے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہونے والے 11 جماعتی اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے 67 سالہ سربراہ مولانا فضل الرحمان کو مکمل آرام اور بیڈ ریسٹ کا مشورہ دے دیا۔  

یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کا مشترکہ فیصلہ تھا کہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف ن لیگ کا ہوگا۔

میڈیا سے 6 روز قبل گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں سے استعفے کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے فیصلے کا انتظار ہے تاہم یہ بات طے تھی کہ چیئرمین سینٹ کا امیدوار پیپلزپارٹی کا ہوگا، ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا امیدوارجے یو آئی کا ہونا تھا۔

مزید پڑھیں: اپوزیشن کا فیصلہ تھا سینیٹ میں قائد حزب اختلاف ن لیگ کا ہوگا،فضل الرحمان

Related Posts