عبدالقادر مندوخیل اور فردوس عاشق اعوان میں تلخ کلامی اور گالی گلوچ، تھپڑوں کی بارش

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

فردوس عاشق اعوان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ قادر مندوخیل نے درخواست جمع کرادی
فردوس عاشق اعوان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ قادر مندوخیل نے درخواست جمع کرادی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور پی پی پی کے رکنِ قومی اسمبلی عبدالقادر مندوخیل کے مابین ٹی وی ٹاک شو کے دوران شدید تلخ کلامی اور گالی گلوچ ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق معروف صحافی جاوید چوہدری کے پروگرام کل تک میں معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان گفتگو کے دوران اپنی نشست چھوڑ کر اٹھ کھڑی ہوئیں اور پیپلز پارٹی کے ایم این اے عبدالقادر مندوخیل کا گریبان پکڑ لیا۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی گزشتہ روز کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پہلے فردوس عاشق اعوان نے عبدالقادر مندوخیل کو گریبان سے پکڑا، پیپلز پارٹی رہنما نے گریبان چھڑایا تو معاونِ خصوصی نے انہیں گالی دے کر تھپڑ مار دیا۔

معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عبدالقادر مندوخیل کو خواتین سے بات کرنے کی تمیز نہیں جس پر پیپلز پارٹی رہنما عبدالقادر مندوخیل نے جواب دیا کہ اب یہ عورت ہو گئی ہیں۔جاوید چوہدری دونوں مہمانوں کو روکنے کی کوشش کرتے رہے۔

نجی ٹی وی کے اسٹاف سے ایک خاتون نے بڑی مشکل سے فردوس عاشق اعوان کو عبدالقادر مندوخیل کو موبائل دے مارنے سے روکا، جس کے بعد تمام تر لڑائی جھگڑے کی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی، تاہم فردوس عاشق اعوان کا غصہ اس کے بعد بھی ٹھنڈا نہیں ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جاوید چوہدری کے ٹی وی شو میں پیپلز پارٹی کے قادر مندوخیل کے ساتھ ہونے والی بحث میں تصویر کا ایک رُخ دکھایا جارہا ہے۔

پیغام میں معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قادر مندوخیل کی غلیظ زبان اور گالیوں کو اِس ویڈیو کا حصہ نہ بنا کر یکطرفہ پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔ سیاسی مکالمے سے ہٹ کر مندوخیل کی جانب سے میرے والد اور مجھے غلیظ گالیاں دی گئیں۔

معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قادر مندوخیل جیسے بد تہذیب افراد کا سیاست اور اخلاقیات سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ لوگ سیاست اور معاشرے کے چہرے پر بدنما دھبے ہیں۔ ان کے اس رویے اور عمل کے خلاف جلد قانونی کارروائی کی جائے گی۔نجی ٹی وی سے درخواست ہے کہ معاملے کی مکمل ویڈیو سامنے لائے۔ 

دوسری جانب پی پی پی کے رہنما نبیل گبول نے فردوس عاشق اعوان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا۔ قبل ازیں فردوس عاشق اعوان کشمالہ طارق اور ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری سمیت دیگر رہنماؤں سے بھی تلخ کلامی اور لڑائی جھگڑا کرچکی ہیں۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ن لیگی حواریوں، جواریوں اور کنیزوں کا واویلا چور مچائے شور کے مترادف ہے۔کنیز اول اپنی جھوٹی رام لیلا میں روزانہ ایک نئے شگوفے کا اضافہ کرتی ہیں۔

گزشتہ ماہ اپنے ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مہنگائی کی بات کرنے والے شاہی چیلے اور کنیزیں عوام کو بتائیں کہ ان کے ڈکیت لیڈر ملک اور صوبے کو سر سے لیکرپاؤں تک قرضوں میں کیوں ڈبو کر گئے؟

مزید پڑھیں: ن لیگ کے احمقانہ فیصلوں کاخمیازہ عوام بھگت رہی ہے،فردوس عاشق

Related Posts