سیلاب سے ہزاروں اسکول تباہ، بحالی نہ ہوسکی، وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں اہم انکشافات

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس کے دوران آج سے 2 سال قبل آنے والے تباہ کن سیلاب سے شعبۂ تعلیم کو پہنچنے والے نقصان اور بحالی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں چیف سیکریٹری ڈاکٹر فخر عالم، چیئرمین پی اینڈ ڈی شکیل منگریجو، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن، سیکریٹری صحت، سیکریٹری ورکس، سی ای او پیپلز ہائوسنگ اسکیم اور دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سیلاب نے ہمارے اسکولوں،  سڑکوں، پلوں اور دیگر املاک کو بڑا نقصان پہنچایا۔ انفرا اسٹرکچر کی تعمیرنو کے لئے ڈونر ایجنسیوں اور وفاقی حکومت سندھ حکومت سے تعاون کر رہے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ ان سب سے بات کی جائے۔

گفتگو کے دوران وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنے وسائل سے جہاں بحالی کا کام ہوسکتا تھا وہ ہم نے کیا ہے۔ اجلاس کے دوران سیکریٹری اسکول ایجوکیشن ڈاکٹر شیریں ناریجو نے بریفنگ دی اور اہم انکشافات کیے اور بتایا کہ سیلاب سے ہزاروں کی تعداد میں اسکول تباہ ہوئے۔

بریفنگ کے دوران شیریں ناریجو نے کہا کہ 2022 کے سیلاب میں 19 ہزار 808اسکولوں کو نقصان پہنچا  اور 7 ہزار 503 اسکول مکمل تباہ ہو گئے تھے۔ 2020 میں تباہ ہونے والے اسکولوں کی تعمیرِ نو کیلئے 60 اعشاریہ 972 ارب روپے کی ضرورت تھی۔ دوست ممالک، ڈونر ایجنسیز اور وفاقی حکومت نے گرانٹ کی یقین دہانی کروائی۔

سیکریٹری اسکول ایجوکیشن نے کہا کہ یورپین یونین 112 اسکولوں کی تعمیر کے لئے 3 بلین روپے کی امداد دینا چاہتی ہے۔ یورپین یونین کی گرانٹ کے اسکول سیہون، سامارو، کے این شاہ، ٹھری میرواہ اور جھڈو میں تعمیر ہونگے جبکہ چین نے 100 اسکولوں کی تعمیر کیلئے 7.6ارب روپے کی امداد کا وعدہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ چین کی گرانٹ سے اسکول خیرپور، حیدر آباد، لاڑکانہ اور سکھر کے اضلاع میں تعمیر ہوں گے جبکہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک 482 اسکولز بنانے کیلئے 25اعشاریہ 2ارب روپے فراہم کرے گا۔ پی ایس ڈی پی سے 833اسکولوں کیلئے 12ارب روپے ملیں گے۔

اس دوران بریفنگ دی گئی کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک آئندہ مالی سال کے دوران 431اسکولوں کی تعمیر کیلئے 4.4ارب روپے فراہم کرے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ اسکولوں کی تعمیر کے پراجیکٹس متعلقہ فورمز سے منظور کروالیں۔

دورانِ اجلاس وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے چیئرمین پی اینڈ ڈی کو ہدایت کی کہ متعلقہ فورمز سے اسکولوں کی تعمیر کے پراجیکٹس منظور کروانے کے بعد ڈونر ایجنسیوں سے فنڈز ریلیز کروا کر جتنے اسکول تعمیر ہوسکیں، ان کی تعمیر پر کام تیز کیا جائے۔

Related Posts