عمران خان نے 31 جنوری تک استعفیٰ نہ دیا تو لانگ مارچ کرینگے، بلاول بھٹو

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Bilawal Bhutto announces to hold ‘long march’ after Jan 31

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاڑکانہ : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جس جمہوریت کیلئے بینظیر نے جان دی یہ وہ جمہوریت نہیں، ہم ہر آمر اور غاصب سے ٹکرائے، یہ کٹھ پتلی کس کھیت کی مولی ہے۔عمران خان نے 31 جنوری تک استعفیٰ نہ دیا تو لانگ مارچ کرینگے۔

محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا، اسے جمہوریت کا علم نہیں، حکومت کرنے کا ڈھنگ نہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم ہر آمر اور غاصب سے ٹکرائے، یہ کٹھ پتلی کس کھیت کی مولی ہے، جس جمہوریت کیلئے بینظیر نے جان دی یہ وہ جمہوریت نہیں، میں کیسے مانوں ملک میں جمہوریت ہے،یہ غاصب ہے غاصب،جس نے عوام کے حقوق غصب کیے ہیں۔

عمران خان نا عوام کا نمائندہ ہے نامنتخب وزیراعظم ہے، نا ڈاکٹر کو چھوڑا ہے نا ٹیچر کو چھوڑا ہے نا طلباء کو چھوڑا ہے، اب عوام اس سلیکٹڈ کو نہیں چھوڑیں گے، عوام کو روٹی نہیں دے سکتا اور کہتا ہے کسی کو نہیں چھوڑوں گا، غربت ، بے روزگاری اور مہنگائی کا طوفان نظر نہیں آتا۔

بلاول بھٹونے کہا کہ اندھے اور بہرے حکمرانوں کونا کچھ نظر آرہا ہے نا سنائی دے رہا ہے، جمہوری طاقتوں کی قیادت کیلئےبینظیر نہیں لیکن ان کے اصول ہیں،لوگ دو وقت کی روٹی ، مزدور مزدوری کیلئے ترس رہا ہے،عوام دشمن پالیسی کی وجہ سےلوگ غربت کی لکیرسےنیچے زندگی گزاررہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان روزگار کو ترس رہا ہے، زمین پانی کوترس رہی ہے، شہید بینظیر کے خلاف سازشیں ہوئیں، انہوں نے پرواہ نہیں کی، بینظیر خواب ایسا پاکستان تھا جہاں خواتین کو برابری کے حق ملیں، مذہب کے نام پر ظلم نہ ہو، پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو، پاکستان کو دنیا میں وقار ملے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بینظیر کا خواب تھا کہ ملک میں عدل و انصاف ہو، برداشت ہو، بات کرنے کی آزادی ہو، ملک میں اسلامی جمہوری آئین کی حکمرانی ہو، بینظیر نے جس صبح کیلئے شہادت دی تھی وہ صبح آئے گی،ہمیں شہید بھٹو کا وعدہ نبھانا ہے، پاکستان بچانا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو کو عوام سے محبت کا درس وراثت میں ملا تھا،اپنی والدہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ بے نظیر تھی وہ بےنظیر رہے گی،وہ دہشت گردوں کے لئے دہشت کی علامت تھی،ضیاء الحق کیخلاف ایم آرڈی کی تحریک چلائی توایوان کےدرودیوار کانپ رہےتھے۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر کو پتا تھا قاتل گھات لگائے بیٹھا ہے ، بینظیر بھٹو ہوتیں تو ان کٹھ پتلیوں کی کیا اوقات کہ وہ مقابلہ کرسکتے،شہید بے نظیر بھٹو کی کمی آج ہمیں بہت محسوس ہورہی ہے، شہید بینظیر بھٹو کا احترام ہر روز ہمارے دلوں میں ہے اور رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ضیاء الحق کی قبر ویران ہے،مشرف موت سےبدتربزدلی کی زندگی گزاررہا ہے،شہید بھٹو تخت دار پر چڑھ گئے مگر اپنے اصولوں سے نہیں ہٹے،ہم قربانیوں کے سفر کے امین ہیں ، کوئی بیوقوف یہ سمجھتا ہے کہ ہم ڈر جائیں گے، پیچھے ہٹ جائیں گے۔

ہم شہیدوں کے وارث ہیں، ہم آئین کے خالق اور عوام کی آواز ہیں،تاریخ کا فیصلہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے حق میں ہے اور رہے گااورہر دور کےیزید رسوا رہیں گے،انہوں نے کہا کہ خون شہیداں کو خراج اہل حق ملتا رہے گا۔

تاریخ کا فیصلہ حسین کےحق میں ہے اور رہے گا،شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا سبق ہمیں یاد ہے، جبر کے مقابلے میں صبر کا سبق، ہمارے دلوں میں غم ہے، آنکھیں پرنم ہیں،مگر حوصلہ بلند ہے،ہم تجدید وفا کرنے آئے ہیں، ان سے طاقت لینےآئے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ عوام کو صرف دھمکیاں دیتےہیں ، چوری کے ٹولے کا وقت ختم ہوچکا ہے، یہ کرپٹ حکمران صرف اپنا پیٹ بھر رہے ہیں، بہادر اور دانشمندی بازار میں ملتی تو عمران کا اے ٹی ایم خرید لیتا،لانے والے اسے لائے تو ہیں لیکن عقل اور حوصلہ کیسے دیتے۔

مزید پڑھیں:این آر او دیناعمران خان کی حیثیت نہیں، لانے والوں کو پیچھے ہٹنا ہوگا، مریم نواز

بلاول بھٹونے کہا کہ عوام کی طاقت سے ٹکرانے والا پاش پاش ہوجاتا ہے، بس اب بہت ہوچکا ہے، حکومت کو مزید وقت دیا تو یہ لوگ ملک کا بیڑا غرق کردینگے، یہ جمہوریت نہیں آمروں کا وطیرہ ہے،جہاں بولنے، تقریر، پرامن احتجاج کی اجازت نہیں، یہ ضیا اورمشرف کی طرح تاریخ کی ٹوکری میں ہونگے، ان کا نام لیوا کوئی نہیں ہوگا۔

بلاول بھٹونے کہا کہ عمران خان نے 31 جنوری تک استعفیٰ نہ دیا تو لانگ کرینگے۔

Related Posts