وفاقی وزیر علی زیدی نے سندھ حکومت کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست جمع کرادی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے سندھ حکومت کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست جمع کرادی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان تمام معاملات کو صاف و شفاف اور عوام کے سامنے رکھنے کے قائل ہیں تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جاسکے۔

پیغام میں وفاقی وزیر سیّد علی حیدر زیدی نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی پیروی کرتے ہوئے میں نے سندھ حکومت کے خلاف ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی پر توہینِ عدالت کی درخواست جمع کرا دی ہے کیونکہ انہوں نے عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ پبلک نہیں کی۔ 

وزیرِ مملکت برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا کہ آج تک سندھ حکومت نے عزیر بلوچ، نثار مورائی اور بلدیہ فیکٹری آتشزدگی کیس کی جے آئی ٹی رپورٹس جاری نہیں کیں جبکہ سندھ ہائی کورٹ 28 جنوری کو اس کا حکم دے چکی ہے جبکہ جے آئی ٹی میں اراکینِ سندھ اسمبلی کے نام موجود ہیں۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ کچھ پولیس افسران جن کے نام جے آئی ٹی میں موجود ہیں وہ بھی پولیس میں بدستور خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ قانون کو ان کے خلاف کوئی نہ کوئی راستہ تو ضرور تلاش کرنا ہوگا۔

علی زیدی نے کہا کہ میں گزشتہ ڈھائی سال سے کیس لڑنے والے بیرسٹر عمر سومرو کا شکر گزار ہوں جو ہمت اور اولوالعزمی کے ساتھ قانون کے راستے پر چل رہے ہیں۔ ان شاء اللہ انصاف ملے گا اور کراچی میں غیر قانونی جرائم میں ملوث افراد کو کٹہرے میں لا کر رہیں گے۔ 

Related Posts