وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نیویارک کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

 افغانستان میں خانہ جنگی ہوگی تو پاکستان کو نقصان ہو گا، شاہ محمود قریشی
 افغانستان میں خانہ جنگی ہوگی تو پاکستان کو نقصان ہو گا، شاہ محمود قریشی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نیویارک کا دورہ کامیابی سے مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو اسرائیل کے فضائی حملوں کے تناظر میں سیز فائر کے مقصد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے نیویارک کے دورے کی ہدایت کی۔

وفاقی دارالحکومت میں ائیرپورٹ پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے جس امن مشن کیلئے بھیجا گیا تھا، وہ کامیابی سے مکمل ہوگیا، اسرائیل اور فلسطین کے مابین جنگ بندی ہوگئی۔

گفتگو کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں پاکستان نے مسئلۂ فلسطین کو حقیقت پسندی کے ساتھ اجاگر کیا۔ ائیرپورٹ پر وزیرِ خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دورے کیلئے مجھے جو مقاصد تفویض کیے گئے تھے، وہ پورے ہوئے، وزیرِ اعظم نے جو ہدایت دی تھی، اس پر کامیابی سے عمل ہوا ہے۔ جنگ بندی ہماری اوّلین ترجیح تھی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امید کی جاسکتی ہے کہ مسئلۂ فلسطین کے حل کیلئے بھی جلد راہ ہموار ہوگی۔ غزہ میں جاری تشدد، اسرائیل کے فضائی حملے اور قتل و غارت کو ختم کرانا ہمارا اوّلین مقصد تھا۔

دورۂ نیویارک کے حوالے سے فلسطینی سفیر نے اسرائیلی مظالم کیخلاف بھرپور حمایت پر پاکستان کیساتھ اظہار تشکرکیا تھا، سفیرِ فلسطین احمد ربیعی نے کہا کہ فلسطینیوں کی خود مختار اور آزاد ریاست کے قیام کی جدوجہد میں ان کی بھرپور حمایت پر ہماری عوام پاکستان کے برادر عوام، اس کی عظیم فوج اور تمام اعلیٰ قیادت کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔

فلسطینی سفیر نے ان خیالات کا اظہار اہل پاکستان کے نام اپنے خصوصی تہنیتی مراسلہ میں  گزشتہ روز کرتے ہوئے کہا کہ میں تہہ دل سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے واشگاف اور شاندار الفاظ میں فلسطینی جدوجہد آزادی کی حمایت کی۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی وزیرِ اعظم کی ہدایت پر مسئلۂ فلسطین کو عالمی سطح پر اٹھانے کیلئے ترکی کے راستے نیویارک روانہ ہوئے۔

رواں ماہ 18 مئی کے روز وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی پہلے ترکی کیلئے روانہ ہوئے جہاں سے سوڈان، فلسطین اور ترک وزرائے خارجہ کے ہمراہ نیویارک روانگی ہوئی۔

مزید پڑھیں: شاہ محمود قریشی مسئلۂ فلسطین عالمی سطح پر اٹھانے کیلئے نیویارک روانہ

Related Posts