صوبائی وزیرِ تعلیم سعید غنی کے کراچی کے تعلیمی اداروں کے طوفانی دورے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

صوبائی وزیرِ تعلیم سعید غنی کے کراچی کے تعلیمی اداروں کے طوفانی دورے
صوبائی وزیرِ تعلیم سعید غنی کے کراچی کے تعلیمی اداروں کے طوفانی دورے

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں قائم تعلیمی اداروں کے طوفانی دوروں پر نکلے ہوئے ہیں، دوروں کے دوران  تعلیمی اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے۔ 

سب سے پہلے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی قائد آباد میں قائم گورنمنٹ گرلز ڈگری آرٹس اینڈ کامرس کالج پہنچے جہاں اچانک آمد پر کالج انتظامیہ پریشان نظر آئی۔

قائد آباد کے گرلز ڈگری کالج میں نان ٹیچنگ اسٹاف کے علاوہ کوئی بھی استاد موجود نہیں تھا۔ سعید غنی نے کالج میں اسمبلی، اساتذہ کی حاضریوں اور دیگر کے حوالے سے اسٹاف سے بازپرس کی۔

پرنسپل سمیت تمام اساتذہ کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر تعلیم سعید غنی نے تمام غیر حاضر ٹیچنگ  اسٹاف کو شو کاز نوٹس  جاری کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔

شوکاز نوٹس جاری کرنے کے ساتھ ساتھ وزیر تعلیم نے ڈی جی کالجز کو فوری طور پر کالج میں پہنچ کر اس کے خلاف کارروائی کی ہدایات بھی جاری کردیں۔ 

اس کے بعد وزیر تعلیم سندھ جوگی موڑ قائد آباد میں قائم گورنمنٹ ڈگری کالج پہنچے جہاں کالج میں پرنسپل اور اساتذہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔

گزشتہ کالج کے برعکس صورتحال دیکھ کر خوشی محسوس کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے اساتذہ کو شاباشی دی۔ سعید غنی نے کالج میں جاری تدریسی عمل کا جائزہ لیا اور طلباء سے بھی اس حوالے سے معلومات حاصل کیں۔

انرولمنٹ کے باوجود بچوں کی تعداد کم ہونے پر وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے پرنسپل کو ہدایات دیں کہ بچوں کے والدین سے رابطہ کریں تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں تعلیم کے عمل میں شریک ہوں۔ 

 

بعد ازاں  وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کراچی کے علاقے رزاق آباد پہنچے جہاں انہوں نے اے آر جی گورنمنٹ کالج کا دورہ کیا۔ انہوں نے کالج میں جاری تدریسی عمل کا جائزہ لیا اور اساتذہ و طلباء کی حاضری بھی چیک کی۔ 

تعلیمی اداروں کے دورے کے موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ اگر اسمبلی کا انعقاد بر وقت ہوگا، اساتذہ بروقت آئیں گے تو طلباء بھی وقت پر آئیں گے۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ میں ہر روز صبح کسی نہ کسی علاقے میں کالج اور اسکولوں کا دورہ کروں گا۔ تمام ڈی ای اوز اپنے اپنے ضلعے کے اسکولز اور کالجز میں اسمبلیوں کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی صبح 8.30 بجے سے قبل لیاری کے مختلف اسکولز اور کالجز کا معائنہ کرنے پہنچ گئے۔

انہوں  نے تنبیہ کی کہ روزانہ کی بنیاد پر اسمبلی کے انعقاد کو نہ صرف یقینی بنایا جائے بلکہ اس کی تصاویر اور ویڈیو کلپس بھی ڈائریکٹوریٹ آف کالجز کو بھیجی جائیں۔اسکول اور کالج میں طلبہ کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔

مزید پڑھیں: سعید غنی صبح صبح لیاری کے تعلیمی اداروں میں پہنچ گئے

Related Posts