صنعتوں کے بجلی ٹیرف میں کمی وزیراعظم کا شاندار اقدام ہے، فیصل معیز خان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

NKATI lauded PM decision for cut in electricity tariff for SMEs & Industries

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر فیصل معیز خان نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں اور بڑی صنعتوں کے لیے بجلی ٹیرف میں کمی کا شاندار الفاظ میں خیرمقدم کیا ہے۔

فیصل معیز خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے اس اقدام کے نتیجے میں یقینی طور پر پیداواری لاگت کو کم کرنے میں مدد ملے گی تاہم گیس اور پانی کے ٹیرف میں بھی کمی لانا بھی انتہائی ضروری ہے جس سے نہ صرف ملکی برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ یہ اقدام کورونا زدہ سنگین معاشی صورتحال سے نمٹنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

نکاٹی کے صدر نے ایک بیان میں کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے یکم نومبر سے چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو اضافی بجلی پر 50 فیصد اور بڑی صنعتوں کو 25 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے یہ اعلان بھی کیاکہ صنعتی شعبے کے لیے بجلی کا کوئی پیک آور نہیں ہو گا نیز تمام صنعتوں کو اگلے3 سال کے لیے رعایتی نرخوں پر بجلی ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ پیداواری لاگت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ بجلی، گیس کے زائد ٹیرف بھی ہیں تاہم ایس ایم ایز اور بڑی صنعتوں کو بجلی ٹیرف میں رعایت ملنے سے پیداواری لاگت کم ہوگی اور برآمدکنندگان عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل ہوسکیں گے تاہم ایس ایم ایز کو فروغ دینے کے لیے مزید ریلیف دینے کی ضرورت ہے۔

فیصل معیز خان نے مزید کہاکہ وزیراعظم عمران خان سے پچھلے دنوں اسلام آبادمیں صنعتکاروں کے اجلاس میں انہوں نے ایس ایم ایز اور بڑی صنعتوں کو ریلیف دینے اور پیداواری لاگت کوکم کرنے کے لیے ٹیکسوں میں کمی کے ساتھ ساتھ یوٹیلیٹی چارجز میں بھی مناسب کمی کی درخواست کی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے ایس ایم ایز اوربڑی صنعتوں کے لیے بجلی ٹیرف میں کمی کا اعلان کرکے صنعتکاروں سے کیا گیا وعدہ پورا کیا جسے کراچی کی پوری صنعتکار برادری قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں ایک بار پھر کورونا وائرس کی وباء کی شدت میں اضافہ دیکھا جارہاہے۔ ایسی صورتحال میں صنعتوں کو ریلیف دے کر ہی کورونا  کے اثرات سے معیشت کو بچایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے پیکیج سے ملک میں صنعتوں کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستان کی کم ہوتی برآمدات میں بھی دوبارہ اضافہ ممکن بنایا جاسکے گا جس سے معیشت مستحکم ہوگی۔

صدر نکاٹی نے مزید کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار صنعتوں کو بجلی کی نرخوں میں کمی کی صورت میں اتنا بڑا پیکیج دیا گیا ہے جوکہ تحریک انصاف کی حکومت کا ویژن ہے۔

وزیراعظم عمران خان ملک میں معاشی انقلاب لانا چاہتے ہیں اس تناظر میں یہ ایک بڑا اقدام ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ گیس کے ٹیرف میں بھی کمی پر غور کیا جائے کیونکہ گیس بھی پیداواری عمل جاری رکھنے میں بنیادی فیول کی حیثیت رکھتی ہے لہٰذا مہنگی گیس بھی پیداواری لاگت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ہے۔

مزید پڑھیں: ملک دوبارہ لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہوسکتا، صنعتیں بند نہیں کریں گے، وزیر اعظم

انہوں نے کہاکہ ملک میں صنعتوں کے فروٖغ کے لیے پیداواری لاگت میں کمی لانا انتہائی ضروری ہے جس میں بجلی، گیس اور پانی کے ٹیرف میں کمی لائی جائے تو اس سے صنعتوں کو وسیع پیمانے پر فروغ دیا جاسکتا ہے اور ملک میں ایک بڑا معاشی انقلاب لایا جاسکتا ہے۔

Related Posts