لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت مافیاز اور کرپشن کرنے والوں کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے پر عزم ہے اور اس میں بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔
اب اس ملک میں کسی کی مرضی کا نظام نہیں چلے گا بلکہ آئین و قانو ن کی بالا دستی ہو گی ، حکومت نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح قومی خزانے میں نقب لگانے کی بجائے اس کی حفاظت کی ہے اور ایک ایک پائی ملک و قوم کی بہتری پر خرچ کی جائے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پارٹی رہنمائوں ، تاجروں اور سول سوسائٹی کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن مخصوص ایجنڈے کے تحت ملک میں مایوسی پھیلا رہی ہے لیکن انہیں سوائے ناکامی کے کچھ نہیں ملے گا۔
اپوزیشن کو چیلنج ہے کہ کسی بھی پلیٹ فارم پر معیشت کے حوالے سے اعدادوشمار کے ساتھ بات کر لے حقیقت ان کے سامنے آ جائے گی۔
مزید پڑھیں: ملک کسی بھی طرح کے انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا ،ہمایوں اختر خان