وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا امریکا کو فوجی اڈے دینے سے ایک بار پھر انکار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

افغانستان کو ایک تقسیم شدہ گھر کے طور پر دیکھ رہا ہوں، شاہ محمود قریشی
افغانستان کو ایک تقسیم شدہ گھر کے طور پر دیکھ رہا ہوں، شاہ محمود قریشی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکا کو فوجی اڈے دینے سے ایک بار پھر انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امریکا کی خواہش ہوسکتی ہے تاہم پاکستان اپنا مفاد دیکھنے کا حق رکھتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں شاہزیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا کو پاکستان فوجی اڈے فراہم کردے، اس کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ پاکستان اپنے مفادات کو ترجیح دیتا ہے۔

گفتگو کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کو ہم نے بریفنگ دی اور واضح طور پر بتایا کہ پاکستان ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتا کہ امریکا کو فوجی اڈے دے، جبکہ امریکا افغانستان سے فوج نکال رہا ہے۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ امریکی فوج کے انخلاء کے ساتھ ہی امن عمل میں بھی پیشرفت سامنے آئے، پاکستان افغانستان کو ایک پر امن ملک دیکھنا چاہتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں جاری امن عمل میں پاکستان کا ایک اہم کردار ہے۔ دنیا پاکستان کو امن کے مسائل کا حصہ نہیں بلکہ حل کا حصہ سمجھ رہی ہے۔ بارہا یہ بیان دے چکا ہوں کہ کچھ عناصر خطے میں امن وسلامتی کے خلاف ہیں۔

دوسری جانب امریکی مشیرِ قومی سلامتی جیک سالیوان نے اپنے سابقہ مؤقف پر قائم رہتے ہوئے خصوصی بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکی فوجی اڈوں کے حوالے سے پاکستان اور دیگر ممالک کے ساتھ گفتگو ہوچکی ہے۔

مشیرِ قومی سلامتی جیک سالیوان نے کہا کہ ہوائی اڈوں پر کیا گفتگو ہوئی، اس کی تفصیلات نہیں بتا سکتے، پاکستان سے دفاعی، سفارتی اور انٹیلی جنس سطح پر بات چیت ہوچکی ہے جس کا موضوع افغانستان میں القاعدہ اور دیگر دہشت گردوں کی واپسی اور حملے روکنا تھا۔

جیک سالیوان نے وضاحت کی کہ پاکستان کے علاوہ خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ بھی امریکا کی گفت و شنید جاری ہے۔ پاکستان سے ہوائی اڈے فراہم کرنے پر ہونے والی گفتگو کی تفصیلات نہیں بتائی جاسکتیں۔ 

خیال رہے کہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں جب پاکستان نے امریکا کو فوجی اڈے دینے سے انکار کیا ہو۔قبل ازیں وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے امریکا کو فوجی یا فضائی اڈے دئیے اور نہ ہی ملک سے کہیں فضائی حملے کرنے کی اجازت دی ہے، عمران خان کے دور میں اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

گزشتہ ماہ 25 مئی کے روز سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور ہونے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امریکا کو فوجی اڈے دینے کی خبریں بے بنیاد قرار دے دیں۔

مزید پڑھیں: امریکہ کو فوجی اڈے دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔وزیرِ خارجہ

Related Posts