عمران خان کے دور میں امریکہ کو فوجی اڈے دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔وزیرِ خارجہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

India using FATF for political purposes: FM Qureshi

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکا کو فوجی یا فضائی اڈے دئیے اور نہ ہی ملک سے کہیں فضائی حملے کرنے کی اجازت دی ہے، عمران خان کے دور میں اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور ہونے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امریکا کو فوجی اڈے دینے کی خبریں بے بنیاد قرار دے دیں۔

گفتگو کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ تاثر کہ پاکستان امریکا کو فضائی اڈے دے رہا ہے، بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کے دورِ حکومت میں امریکا کا کوئی فوجی یا فضائی اڈہ پاکستان میں نہیں بن سکتا۔ آج پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

امریکی فوج کو افغانستان سے واپس بلانے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل پر ہمیشہ سے یہ کہتا آیا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر فوج کے انخلاء کے دوران ذمہ دارانہ رویہ اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔

سینیٹ میں اظہارِ خیال کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل کاحصہ ہے لیکن افغان خانہ جنگی یا مسائل کا نہیں جسے اب دنیا نے بھی تسلیم کر لیا ہے۔ افغان امن عمل میں سہولت کار کے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قرییش نے کہا کہ ہمارا اولین مقصد افغانستان میں قیامِ امن اور استحکام ہے کیونکہ ہمسایہ ملک کا امن براہِ راست پاکستان کے امن، سلامتی اور ترقی و خوشحالی سے منسلک ہے۔ امریکا کے نمائندۂ خصوصی زلمے خلیل زاد بھی پاکستان کا مثبت کردار تسلیم کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل سینیٹ میں فلسطین سے متعلق پیش کی گئی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ قرارداد قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے پیش کی۔

 متفقہ طور پر منظور ہونے والی قرارداد کی نقول چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے دنیا کے مختلف ممالک کی پارلیمان کو بھجوانے کی ہدایت کی۔قرارداد میں فلسطین سے اظہارِیکجہتی کیا گیا۔

مزید پڑھیں: سینیٹ میں مقبوضہ فلسطین کے حق میں پیش قرارداد متفقہ طور پر منظور

قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے امریکا کو فوجی اڈے نہیں دئیے اور نہ ہی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دی۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے 2 روز قبل ان تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے بیان جاری کیا جن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے امریکا کو فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں امریکی بیس سے متعلق قیاس آرائیاں بےبنیاد ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

Related Posts