ہم اپنے لوگوں کو مایوس نہیں کریں گے، ہر گھر تک راشن پہنچائیں گے، میئر کراچی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Wasim Akhtar talking to media in Karachi

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ہر یوسی کو وہاں کی ضرورت کے مطابق کے کے ایف راشن فراہم کررہی ہے اور ہر یونین کمیٹی نے وہاں کے غریب اور مستحق افراد کی لسٹیں تیار کی ہوئی ہیں ۔

یوسی گلبرگ میں 2800 خاندانوں کے لئے راشن فراہم کیا جارہا ہے جبکہ سعادات کے لئے راشن کی فراہمی کا علیحدہ سے بندوبست کیا گیا ہے، یہ بات انہوں نے یونین کمیٹی گلبرگ میں راشن کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔

یونین کمیٹی گلبرگ کے چیئرمین حسن نقوی، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، یوسی چیئرمین سید فرید حسین اور دیگر منتخب نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی نے رضا کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم راشن کی فراہمی کی جدوجہد کررہے ہیں ۔

شہری پریشان نہ ہوں علاقائی سطح پر کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں ہمارے اوپر راشن کی فراہمی کا بہت پریشر ہے جسے پورا کرنے کے لئے مخیر حضرات سے درخواست کی ہے کہ وہ ہماری مدد کریں گوکہ ابھی راشن ہمارے پاس ناکافی ہے لیکن ہم اپنے لوگوں کو مایوس نہیں کریں گے اور ہر گھر تک راشن پہنچائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کوئی تفریق برتی نہیں جارہی نہ ہی مذہبی اور لسانی تفریق کو مد نظر رکھا جارہا ہے اس مشکل وقت میں ہمیں بلا امتیاز و تفریق ہر خاندان کی مدد کرنی ہے اور لوگوں کا حوصلہ بلند رکھنا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ لوگ مایوس نہ ہوں مایوسی کفر ہے اگر ہم نے باہمی اتحاد، یکجہتی، اخوت اور مساوات سے یہ وقت نہ گزارا تو ہم اس سنگین صورتحال سے نہیں نکل سکیں گے۔

میئر کراچی نے کہا کہ حکومت سنجیدگی کے ساتھ ہر طرح کے اقدامات کررہی ہے شہریوں کے گھروں میں رہنے سے جو نقصانات سامنے آرہے ہیں وہ ہمارے پیش نظر ہیں لیکن اگر شہر میں لاک ڈاؤن نہ کیا جائے اور سرگرمیوں کو محدود نہ کیا جائے تو اس وباء سے نمٹنا نہ ممکن ہوجائے گا۔

میئر کراچی نے کہا کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور میئر، ضلعی چیئرمین، یوسی چیئرمین اور ان کی ٹیمیں اپنے اپنے علاقوں میں حتی المقدور لوگوں کی پریشانیوں کو دورکرنے کی بھر پور کوشش کررہی ہیں، انہوں نے کہا کہ دنیا بھرمیں اس وباء کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے اور جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے معاشی صورتحال ابتر ہورہی ہے اگر ہم صبر،تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں گے تو یہ مشکل وقت بھی گزرجائے گا۔

مزید پڑھیں:حکومت اعلانات کے بجائے لوگوں کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے، ریحان ہاشمی

میئر کراچی نے کہا کہ جس طرح ہر رات کے بعد صبح یقینی ہے اسی طرح ہر مشکل کے بعد اللہ تعالی اپنے بندوں کے لئے آسانیاں پیدا کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات خدمت خلق کے جذبے سے آگے آئیں غریب، نادار اور مفلوق الحال لوگوں کی مدد کریں۔

انہوں نے کہاکہ جو ادارے جس طرح کا بھی راشن فراہم کرسکتے ہیں وہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کو دیں تاکہ یہ راشن مستحقین تک پہنچایا جاسکے، اس موقع پر یوسی گلبرگ کے چیئرمین حسن نقوی نے راشن کی تقسیم کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلا بیان کیں، انہوں بتایا کہ یہ راشن رات کے وقت گھروں تک پہنچایا جاتا ہے اور راشن کی تقسیم کی کسی طرح تشہیر نہیں کی جاتی نہ ہی کسی دوسرے شخص کو راشن سے متعلق کوئی معلومات فراہم کی جاتی ہے.

Related Posts