کے ایم سی کی ملی بھگت سے ٹریفک پولیس نے محمود آباد میں غیر قانونی چوکی بنالی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کے ڈی اے

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی :محمود آباد میں ایک طرف تجاوزات کیخلاف آپریشن دوسری طرف ناجائزتعمیرات شروع کردی گئیں،ٹریفک پولیس نے کے ایم سی کی ملی بھگت سے محمود آباد میں غیر قانونی چوکی بناکر سپریم کورٹ کے احکامات کی دھجیاں اڑادیں۔

ایم ایم نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق بلوچ کالونی تھانے کی حدود میں محمود آباد ٹریفک سیکشن کی جانب بلوچ کالونی پل کے قریب غیر قانونی طور پر چوکی تعمیرکرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس نے کے ایم سی کی ملی بھگت سے پل کے نیچے قناتیں لگاکر چوکی بنانے کا کام شروع کردیا ہے۔

ایم ایم نیوز کے رابطہ کرنے پر بلوچ کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس بھی ہمارا ہی حصہ ہے اس لئے ہم اس غیر قانونی چوکی کی تعمیر کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کرسکتے جبکہ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کی آڑ میں ہمارے قانونی گھر بھی گرادیئے ہیں لیکن اس غیر قانونی ٹریفک چوکی کیخلاف ایکشن لینے والا کوئی نہیں ہے۔ علاقہ مکینوں نے سپریم کورٹ سے احکامات خلاف ورزی پر ٹریفک پولیس اور کے ایم سی کیخلاف کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔

مزید پڑھیں: کورنگی میں کالج کے چوکیدار نے عمارت کرائے پر دیدی، ایجوکیشن حکام خاموش تماشائی

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان کی درخواست پر شہر بھر میں سرکاری زمینوں پر قائم غیر قانونی پولیس چوکیوں اور امدادی اداروں کے کیبن ودفاتر ختم کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں قائم 39 چوکیاں ،کیبن ودفاتر ختم کردیئے گئے تھے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اور کے ایم سی نے کھلم کھلا توہین عدالت کی ہے اس لئے مذکورہ چوکی کی تعمیر میں ملوث اداروں کے ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

Related Posts