چیئرمین سینیٹ کاانتخاب،صادق سنجرانی نے اراکین کو آج عشائیے کی دعوت دے دی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے تحریکِ انصاف کے امیدوار صادق سنجرانی نے اراکینِ سینیٹ کو آج عشائیے میں شرکت کی دعوت دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی سے سینیٹ انتخابات کے دوران سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کی جیت کے بعد پی ڈی ایم اتحاد نے چیئرمین سینیٹ کی نشست پر نظریں جما دیں۔ صادق سنجرانی بھی چیئرمین سینیٹ برقرار رہنے کیلئے متحرک ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کے دوران صادق سنجرانی نے سینیٹ انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس دوران چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر مشاورت بھی کی گئی۔

بعد ازاں صادق سنجرانی نے سینیٹ اراکین کے اعزاز میں عشائیہ دینے کا فیصلہ کیا تاکہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے سینیٹرز سے مشاورت کی جاسکے۔ اس دوران ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوگی۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اتحاد نے بھی چیئرمین سینیٹ کیلئے یوسف رضا گیلانی کو جتانے کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں۔ اپوزیشن اتحاد میں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت دیگر سیاسی پارٹیاں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے صادق سنجرانی کی نامزدگی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بتائے چیئرمین سینیٹ کیلیے امیدوار کس بنیاد پر کھڑا کیاہے؟

بلاول بھٹو نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا کہ سینیٹ الیکشن کے بعد اعتماد کے ووٹ کا ڈرامہ کیا گیا۔ یہ غیرجمہوری طریقے سے یوسف رضاگیلانی کوروکناچاہتے ہیں۔ 12مارچ کوپی ڈی ایم چیئرمین سینیٹ کاانتخاب جیتے گی،امیدہے الیکشن کمیشن کوئی غیرآئینی اقدام نہیں کرے گا۔

مزید پڑھیں: حکومت بتائے چیئرمین سینیٹ کیلیے امیدوار کس بنیاد پر کھڑا کیا؟ بلاول بھٹو

Related Posts