عوام کے تعاون سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پایا جارہا ہے،مرتضیٰ وہاب

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

PPP Lader Murtaza Wahab press conference in Karachi

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی :ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کے تعاون سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پایا جارہا ہے، یہ سندھ حکومت کی بہتر پالیسی کی وجہ سے کورونا کے کیسز پر کنٹرول ممکن ہوا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پی ٹی آئی کی کرپشن کو بے نقاب کررہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکمت عملی کامیاب رہی ہے۔بہت لوگ اس کا کریڈٹ لینے کی کوشش کررہے ہیں لیکن حقیقت سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں اکیس جولائی تک ایک لاکھ تیرا ہزار کورونا کے مریض سامنے آئے جبکہ دیگر صوبوں میں یہ تعداد بہت کم رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ترجمان اسے غلط انداز میں پیش کرتے ہیں کہ سندھ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کورونا کے مریض زیادہ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ساڑھے چار لاکھ ٹیسٹ ہوچکے ہیں جبکہ پنجاب جس کی آبادی سندھ سے کئی گنا زیادہ ہے وہاں چار لاکھ کے قریب کورونا وائرس ٹیسٹ ہوئے۔

سندھ میں پنجاب سے دوگنے ٹیسٹ کئے گئے۔ سندھ میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں میں ریکوری کی شرح بھی زیادہ ہے۔ سندھ میں بیاسی فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں یہ تعداد بہت کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا سے مریضوں کے جاں بحق ہونے کی شرح بھی سندھ میں تمام صوبوں سے کم ہے۔ الزام تراشی سے کچھ نہیں ہوگا اعداوشمار بتاتے ہیں کہ کورونا کے حوالہ سے سندھ حکومت کی حکمت عملی کامیاب رہی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تمام تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اعدادوشمار بتانے کا مقصد عوام کا حکومت کے ساتھ مثبت تعاون ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ کورونا ختم ہوگیا ہے ابھی بھی کورونا کے نئے مریض سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہمیں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا ہے اگر احتیاط نہیں برتی تو کیسز بڑھ سکتے ہیں۔ محکمہ صحت شہریوں کے بلا معاوضہ کورونا ٹیسٹ کررہا ہے اگر کسی فرد میں کوئی علامت ہے تو ٹیسٹ ضرور کروائیں۔

سندھ حکومت کورونا کے حوالے سے مزید قانون سازی کرنے جارہی ہے۔ بعد ازاں ترجمان سندھ حکومت نے کورونا کے بعد ملکی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی کرپشن کا وائرس بڑی تیزی سے ملک میں پھیل رہا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پی ٹی آئی کی کرپشن کو بے نقاب کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عملی طور پر پی ٹی آئی اپنے نعرے سے منحرف ہوکر ایک نہیں دو پاکستان پر عمل کررہی ہے۔ اپوزیشن کے لئے الگ قانون اور حکمران جماعت کے لئے علیحدہ قانون ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان فرشتوں کی حکومت آنے کے بعد چینی بحران آچکا ہے اور گندم، ادویات کا اسکینڈل اس حکومت کے دور میں آچکا ہے۔

یہ بحران جان بوجھ کر پیدا کرتے ہیں ماضی میں یہ پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی بات کرتی تھی اب ٹیکسز کی شرح دیکھ لیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کردیا گیا۔ چینی اسکینڈل عوام کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے نوٹس لیا اور کہا کہ مافیا کو نہیں چھوڑیں گے اور پھر خان صاحب کے نوٹس کے بعد عوام کی چینخیں نکل جاتی ہیں۔

چینی اسکینڈل کی رپورٹ میں شوگر کمیشن خود کہتا ہے کہ پاکستان میں چینی کی قیمت بڑھنے کی ایک وجہ چینی برآمد کرنا تھا جبکہ چینی برآمد کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت نے کیا اور وفاقی حکومت کا سربراہ عمران خان نیازی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی برآمد کرنے کے فیصلے کی منظوری انچارج وزیر تجارت یقیناً عمران خان نے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو آئے روز نیب بلاتی ہے مگر چینی اسکینڈل میں وزیراعظم کو کیوں نہیں بلایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عملی طور پر پی ٹی آئی والوں کے لئے الگ اور اپوزیشن کے لئے الگ پاکستان کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے کہہ دیا کہ نیب کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ ہم بہت عرصہ سے کہتے چلے آرہے ہیں کہ جرم ثابت ہونے پر آپ بے شک گرفتار کریں مگر وزیراعظم ہاؤس یا بنی گالا سے عمران خان کو نہیں بلایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوہری شہریت کے معاملے میں عمران خان نیازی کا الگ پاکستان ہے۔

انہوں نے نے مطالبہ کیا کہ اب ان افراد کو منی ٹریل دینا چاہئیے جنہوں نے بیرون ملک کروڑوں اربوں روپے ٹرانسفر کئے۔ پارلیمان کا ممبر نہ بننے والوں کو خان صاحب نے اہم عہدوں پر فائز کردیا۔ یہ ہمیں پاکستان میں سرمایہ کی ترغیب دیتے ہیں اور خود کی ڈالرز میں بیرون ملک سرمایہ کاری ہے میرے سوالات کا جواب پی ٹی آئی کی قیادت جواب دے۔

انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ پندرہ اگست سے سندھ میں کوئی اسکول نہیں کھلے گا ہم بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے اور نہ ہی پرائیوٹ اسکول انتظامیہ کو یہ اجازت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں جتنی بھی ٹیسٹنگ ہورہی ہے اس میں مثبت مریضوں کی شرح بہت کم ہورہی ہے۔ اس دوران ہم نے اپنی استعداد اور آئیسولیشن سینٹرز کو مزید بہتر کیا ہے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے کورونا از خود نوٹس کیس میں این ڈی ایم اے کی رپورٹ مسترد کردی

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی افراد نہیں بلکہ نظرہیے اور فلسفے پر یقین رکھتی ہے اس موقع پر ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ پیپلز پارٹی سندھ کے انفارمیشن سیکرٹری سینیٹر عاجز دھامرہ ، ایم پی اے ذوالفقار شاہ اور فدا حسین ڈھکن بھی موجود تھے۔

Related Posts