پی ڈی ایم نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پی ڈی ایم نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا
پی ڈی ایم نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہی اجلاس کے بعد رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی، اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج کا سربراہی اجلاس انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوا اور تمام مسائل زیربحث آئے۔

انہوں نے کہا کہ مہم جوئی کے تحت میڈیا پر پی ڈی ایم میں اختلافات کی خبریں چلوائی جاتی ہیں، پی ڈی ایم پہلے سے زیادہ متحد اور پرعزم ہے، آج ملک کا ہر طبقہ مظلوم ہے، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لئے اٹھنے والی آواز کو میڈیا پوری قوم تک پہنچائے۔

مولانا فضل الرحمن نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج اجلاس میں تمام جماعتوں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تمام اراکین کے استعفے پارٹی قائدین تک پہنچ چکے ہیں،حکومت کے پاس 1 ماہ کی مہلت ہے۔

اس کے فوری بعد لانگ مارچ کا اعلان کیا جائے گا،اسی وقت فیصلہ کیا جائے گا کہ لانگ مارچ اسلام آباد کی جانب کیا جائے یا راولپنڈی کی جانب، اسٹیبلشمنٹ نے پورے نظام کو اور عمران خان کو مہرہ بنا رکھا ہے۔

اب ہماری تنقید کا رخ اسٹیبلشمنٹ کی جانب ہو گا،اب وہ فیصلہ کریں کہ وہ پیچھے ہٹیں گے اور اپنی آئینی ذمہ داریوں کی جانب واپس جاتی ہے یا سیاست میں پنجے گاڑھ کر رکھتی ہے

19 جنوری کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا جائے گا، نیب کے دفتر کے سامنے بھی مظاہرہ کیا جائے گا،کیونکہ یہ انتقام کا ادارہ ہے،آج ملک میں احتساب نہیں بلکہ انتقام لیا جا رہا ہے۔

خواجہ آصف کی گرفتاری کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،ہم آنے والے دنوں میں سخت فیصلے کرینگے، ہم حکمت عملی کے ساتھ اپنے سب کارڈ کھیلنا چاہتے ہیں، ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم حصہ لے گی جبکہ سینٹ کے حوالے سے بعد میں فیصلہ کیا جائے گا۔

ہم غور کر رہے ہیں کہ اب ہم جیلوں کا رخ کریں اور گرفتاریاں پیش کریں،نواز شریف کی واپسی کو مشروط کرنے کے حوالے سے سب باتیں قیاس آرائیاں ہیں،محمد علی درانی مجھ سے بغیر شیڈول کے ملے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اصلاح احوال کے لئے ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کو اس کے اصل کام کی جانب متوجہ کیا جائے،ہم میڈیا کو سرپرائز دینے کے لئے بہت سی چیزیں چھپا کر رکھتے ہیں،پیپلزپارٹی کے کوئی تحفظات نہیں تھے۔

اس موقع پر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام لیگی اراکین کے استعفے میرے پاس آ چکے ہیں، اگر کوئی یہ امیدیں لگائے بیٹھا ہے کہ لیگی اراکین استعفوں سے پیچھے ہٹیں گے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔

Related Posts