اپوزیشن کا احتجاج جاری، سندھ اسمبلی کے نومنتخب اراکینِ نے حلف اٹھا لیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: اپوزیشن کے اسمبلی اور سڑکوں پر احتجاج کے دوران سندھ اسمبلی کے نومنتخب اراکینِ اسمبلی نے حلف اٹھا لیا ہے جن سے حلف اسپیکر آغا سراج درانی نے لیا۔

تفصیلات کے مطابق 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے منتخب سندھ اسمبلی کا پہلا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر قرآنِ پاک کی تلاوت اور نعتِ رسول ﷺ پیش کی گئی۔ اجلاس 40 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا تھا۔

اسپیکر نے نو منتخب اراکین سے اردو، انگریزی اور سندھی زبانوں میں حلف لیا۔ اجلاس کے دوران پی پی پی کے 111 جبکہ ایم کیو ایم کے 36 اراکینِ اسمبلی نے حلف اٹھایا۔ جماعتِ اسلامی کے 1، جی ڈی اے کے 3 جبکہ سنی اتحاد کونسل کے 9 اراکین نے حلف نہیں اٹھایا۔

پیپلز پارٹی کے مہتاب ڈاہر اور نثار کھوڑو نے حلف نہیں لیا جبکہ جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی جیت کا نوٹیفکیشن نہیں ہوسکا۔ الیکشن کمیشن نے 3 مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن بھی تاحال جاری نہیں کیا۔ اس دوران اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔

جمعیت علمائے اسلام سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے سڑکوں پر بھی احتجاج کیا اور سندھ اسمبلی میں حلف برداری کے دوران اپوزیشن کے دیگر رہنماؤں نے مظاہرہ اور نعرے بازی کی۔ اسمبلی کی گیلری میں موجود لوگوں نے بھی واشگاف نعرے لگائے۔

اس دوران اسپیکر آغا سراج درانی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کرنے والے رہنماؤں کو خاموش رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایوان میں شور کرنے والوں کو ڈانٹ پلاتے ہوئے کہا کہ آپ خاموش ہوجائیں، ورنہ گیلری خالی کروا دیں گے۔ ہمیں قانونی کارروائی کرنے دیں۔

Related Posts