پاکستان افغان مہاجرین کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتا، عالمی برادری مدد کرے۔معید یوسف

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان افغان مہاجرین کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتا، عالمی برادری مدد کرے۔معید یوسف
پاکستان افغان مہاجرین کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتا، عالمی برادری مدد کرے۔معید یوسف

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیرِ قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان افغان مہاجرین کا بوجھ مزید برداشت نہیں کرسکتا، عالمی برادری ماضی سے سبق سیکھے اور جنگ زدہ ملک میں دیر پا امن کے قیام کیلئے افغانوں کی مدد کرے۔

تفصیلات کے مطابق مشیرِ قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر عالمی برادری نے ماضی کی طرح اِس بار بھی افغانستان کو تنہا چھوڑ دیا تو یہ بڑی غلطی ہوگی۔ انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی نہیں چلے گی۔

گفتگو کے دوران مشیرِ قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ انتظار کرو اور دیکھو کا بنیادی مطلب تباہی لیا جاسکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں افغان مہاجرین کی تعداد میں اضافہ اور خطے کی سیکیورٹی کے مسائل پیدا ہوں گے جو صرف یہاں تک محدود نہیں رہیں گے۔

 مہاجرین کے متعلق مشیرِ قومی سلامتی نے کہا کہ پاکستان مالی وجوہات سمیت کئی وجوہات کے باعث مزید افغان مہاجرین کی میزبانی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ہم اس وقت مزید کسی پناہ گزین کو قبول کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ امریکا کو پاکستان کے مشورے پر توجہ دینا ہوگی۔

مشیرِ قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کی امداد کیلئے ہر ممکن کوشش بروئے کار لا رہا ہے تاہم انسانی المیہ روکنے کیلئے عالمی سطح پر بھی کاوشیں تیز ہونی چاہئیں۔ عالمی برادری افغانستان کو تنہا چھوڑنے کی ماضی کی غلطی نہ دہرائے۔

بھارت کے بارے میں ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ ہمارا ہمسایہ ملک پاکستان کے خلاف فرضی کہانیاں تخلیق کرکے جھوٹا پراپیگنڈہ کر رہا ہے۔ بھارت نے افغانستان کی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے امریکا کو بے وقوف بنایا جبکہ افغان حکومت تباہی کی وجہ خود تھی۔

ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ اب دنیا مودی حکومت کے ایجنڈے پر آنکھیں بند نہیں کرسکتی۔ پاکستان پر امن اور مستحکم افغانستان کیلئے پر عزم ہے۔ عالمی برادری طالبان سے بات چیت کرے تاکہ چار دہائیوں کے بعد افغانستان میں قیامِ امن کو موقع فراہم کیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: افغان عوام نے 20 سال قربانیاں دیں دنیا طالبان کووقت دے، وزیراعظم

Related Posts