ملئے پاکستان کی ابھرتی ہوئی خود آموز کیلی گرافر قرۃ العال سے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

آغا خان اسکول کھارادر کراچی کی 14 سالہ ہونہار طالبہ قرۃ العال اپنے منفرد نام کی طرح آرٹ ورک میں بھی منفرد پہچان رکھتی ہیں اور عربی کیلی گرافی سمیت آرٹ کے مختلف شعبوں میں ابھرتے ہوئے اسٹار کی صورت میں سامنے آئی ہیں۔

ایم ایم نیوز کی ٹیم نے کم عمر ہونہار آرٹسٹ سے ملاقات کرکے ان کے فن اور سفر کی روداد دریافت کی ہے۔ قرۃ العال نے بتایا کہ انہیں بہت چھوٹی عمر سے ہی آرٹ ورک میں ان کے والد کی کوششوں سے دلچسپی پیدا ہوئی اور رفتہ رفتہ یہ شوق انہیں آرٹ میں مہارت حاصل کرنے کی طرف لے گیا۔

قرۃ العال نے بتایا کہ وہ قرآنی اور عربی کیلی گرافی میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہیں، کیلی گرافی کے علاوہ وہ سینریز اور پورٹریٹس میں بھی طبع آزمائی کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس شوق کو پروان چڑھانے میں ان کے والدین کا بنیادی کردار ہے، والد شروع ہی سے ان میں کیلی گرافی کا شوق پیدا کرنے کیلئے خطاطی کے نمونوں سمیت کیلی گرافی میں استعمال ہونے والی چیزیں وقتا فوقتا فراہم کرتے رہتے ہیں۔

اس کے علاوہ ان کی والدہ بھی انہیں اپنا شوق پروان چڑھانے میں ہر طرح کی معاونت کرتی ہیں اور جب بھی کوئی شہ پارہ بناتی ہیں ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔

قرۃ العال نے ایک بات بڑی دلچسپ بتائی کہ انہوں نے آج تک کسی بھی ادارے یا استاد سے آرٹ اور کیلی گرافی کی تربیت حاصل نہیں کی ہے، انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنے بے پناہ شوق اور مسلسل پریکٹس سے ہی اس فن میں مہارت حاصل کی ہے۔ انہوں نے یہ حیران کن بات بتائی کہ یہ فن انہوں نے خود سے ہی سیکھا ہے۔ یوں قرۃ العال پاکستان کی ایک ایسی ابھرتی ہوئی آرٹسٹ ہیں جو مکمل طور پر خود آموز ہیں۔

قرۃ العال کا آرٹ ورک فی الحال ان کے اسکول تک ہی معروف ہے، انہوں نے بتایا کہ اسکول میں ان کے کام کو بہت سراہا جاتا ہے، جب بھی کوئی تقریب ہوتی ہے یا باہر سے اہم شخصیات وزٹ پر آتی ہیں تو ٹیچرز انہیں آرٹ ورک کیلئے کہتے ہیں اور ان کے کام کو بہت پسند کرتے ہیں۔

 

Related Posts