کوئی ہمیں کمزور نہ سمجھے، اپنا حق لے کر رہیں گے، میئر کراچی وسیم اختر

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

mayor waseem akhtar talks to media in karachi

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی :میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے استحکام کیلئے گزشتہ چار سال سے بات کر رہا ہوں اور یہی وجہ ہے کہ آج کراچی کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی دکھائی جا رہی ہے ،ہم انشاء اللہ اپنا حق حاصل کرکے رہیں گے خواہ یہ این ڈی ایم اے کے ذریعے ملے یا وفاق اور صوبے کے ذریعے ملے۔

کراچی اور حیدرآباد میں ہمارا مینڈیٹ ہے یہاں کے لوگوں نے ایم کیو ایم کو ووٹ دیا ہے اور ہمارے اس مینڈیٹ کو ختم نہیں کیا جاسکتا، کوئی ہمیں کمزور نہ سمجھے، حالات جیسے بھی ہوں ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

عدلیہ سے گزارش ہے کہ وہ میری دائر کردہ پٹیشن پر سماعت کے بعد فیصلہ صادر کرے کیونکہ بلدیاتی اداروں کا استحکام ومضبوطی آئین کے آرٹیکل 140-A پر عملدرآمد میں پوشیدہ ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین ضلع شرقی معید انور کے ہمراہ لائنز ایریا یوسی 10 میں تھری ڈی پارک کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر یوسی 10 کے چیئرمین محمد مرسلین، وائس چیئرمین ندیم خواجہ ودیگر منتخب نمائندگان بھی موجود تھے ۔ میئر کراچی نے کہا کہ لائنز ایریا سمیت کراچی کے انفرااسٹرکچر کو درست کرنے کی ضرورت ہے،یہاں کے بچوں کا حق ہے کہ انہیں اچھا ماحول ،اچھے پارکس اور پلے گرائونڈز ملیں، افسوس کہ کراچی میں بچے کوڑے کے ڈھیر اور نالوں پر بڑے ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں چار سال سے یہ بات ارباب اقتدار کو باور کروا رہا ہوں ،زبان سے بھی اور تحریری طور پر بھی، جہاں جہاں ضرورت پڑتی ہے عدلیہ میں بھی اور دیگر جگہوں پر بھی ،میں ان ایشوز کو اٹھا رہا ہوں اور کراچی کے مسائل اور اختیارات کے حوالے سے آواز اٹھاتا رہوں گا۔

اللہ کا شکر ہے کہ میری اس آواز پر آج پورا پاکستان سنجیدہ ہوا ہے اور نالوں سے ابتداء کر رہا ہے، وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتوں نے تسلیم کیا ہے اور جو ایشوز میں بطور میئر اٹھا رہا تھا ان پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اور اب یہ بیٹھ گئے ہیں کہ مسئلے حل ہونا چاہئیں۔

انہوں نے لائنز ایریا میں آلودہ پانی کی فراہمی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور سندھ حکومت پرائس کنٹرول سمیت عوامی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

میئر کراچی نے کہا کہ یہ عوام ہی ہیں جو ہمیں ووٹ ڈال کر وزیر اعظم، وزیراعلیٰ، وزیر اور ممبر اسمبلی بناتے ہیں مگر بدقسمتی سے انہیں اس کے بدلے میں کچھ نہیں ملتا حالانکہ انہیں اچھا ماحول ،اسکول اور اچھے پارکس ملنے چاہئیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ ہماری غلط پالیسیوں کی وجہ سے یہ پریشانی اٹھاتے ہیں، لائنز ایریا کا بنیادی انفرااسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے یہاں کا سیوریج اور فراہمی آب کا نظام تبدیل کرنا ہوگا، جو لوگ پورے ملک کو چلا رہے ہیں۔

95 فیصد صوبہ سندھ کو اور 65 فیصد ریونیو اسلام آباد کو دے رہے ہیں وہ انتہائی گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں ہم جانتے ہیں کہ ان لوگوں کے کیا عزائم اور ارادے ہیں مگر ہم انہیں اپنی من مانی نہیں کرنے دیں گے اور اپنا حق لے کر رہیں گے۔

یہاں کے عوام نے ایم کیو ایم کو ووٹ ڈالے ہیں ہمیں کمزور نہ سمجھا جائے ، یہ جماعت عوام کے مسائل کے حل کے لئے بنی ہے ، ہم حالات کو اور ملک کو دیکھتے ہوئے اگر اپنی پالیسیاں بدلتے ہیں تو ایسا صرف اپنے شہر، صوبے اور ملک کے مفاد میں کرتے ہیں مگر ہم اپنی عوام کا سودا نہیں کرنے دیں گے نہ ہونے دیں گے نہ کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام 73 سال سے انہیں بھگت رہے ہیں،انہی لوگوں نے 12 سال میں کراچی کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے،اگر عوام تیسری سطح کی بلدیاتی حکومت کو مینڈیٹ دیتی ہے تو اس میں ان کا کیا قصور ہے؟کراچی شہر اور یہاں کے بلدیاتی اداروں کو آرٹیکل 140-A کے تحت آئینی حق حاصل ہے اور اس حق سے انہیں محروم نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ووٹ بینک برقرار ہے اور انشاء اللہ آنے والے الیکشن میں لائنز ایریا ایک بار پھر ایم کیو ایم کو ہی بھاری اکثریت سے جتوائے گا،میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر تھری ڈی پارک کا تفصیلی معائنہ کیا اور دیواروں پر تھری ڈی تصاویر اور پارک کی بہتری پر خوشی کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: ما فیا حکومت کے دو سال مکمل، عوام کو نچوڑنے کا سلسلہ جاری ہے، تیمور تالپور

انہوں نے تھری ڈی پارک کی تعمیر کو زبردست اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے پارک تعمیر ہوتے رہنے چاہئیں اس پارک کی تعمیر کے بعد لائینز ایریا کے عوام کی خوشی دیدنی ہے جس پر ڈی ایم سی ایسٹ تعریف کی مستحق ہے۔

Related Posts