کراچی، ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کی کارروائی، پولیس کانسٹیبل کو شہید کرنے والا ڈکیت گرفتار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی، ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کی کارروائی، پولیس کانسٹیبل کو شہید کرنے والا ڈکیت گرفتار

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی میں ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس کانسٹیبل کو شہید کرنے والے ڈکیت کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بغدادی پولیس نے بمقام اندرون میراں پیر قبرستان، موسیٰ لین لیاری کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کانسٹیبل معیز کو مورخہ 2021-05-07 کو شہید کرنے والے ڈکیت کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار کیے گئے ملزم کے قبضے سے 9 ایم ایم کے 2 پستول، 9 راؤنڈز اور موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔ ملزم کا نام عبدالرحمان ہے۔ ملزم نے اپنے ساتھی کے ہمراہ 7 مئی کے روز سندھی اسکول، بغدادی، لیاری کے قریب ڈکیتی کی واردات کی۔

ڈکیتی کے دوران جب ملزم سمری اور عثمان غنی نامی شہریوں سے موبائل فون چھین رہا تھا، تو ایس پی سٹی کا کانسٹیبل معیز ملزمان کو دیکھ کر پستول نکالنے لگا۔اسی اثناء میں ملزمان نے کانسٹیبل پر فائرنگ کرکے انہیں شہید کردیا۔

واقعے کی ایف آئی آر نمبر 294 درج کر لی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عادی اسٹریٹ کریمنل ہے جو متعدد قتل، اقدامِ قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے کئی انکشافات کیے ہیں۔

زیرِ حراست ملزم کے انکشافات
ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے اپنے ساتھی ملزم بنام عبداللہ ولد اسلم بلوچ اور وسیم احمد عرف وقاص ولد احمد کے ساتھ مل کر مقتول ممتاز احمد ولد عبدالغنی اور محمد اصغر ولد محمد سرور کو دوران ڈکیتی گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔

قتل کے جرم کے باعث  ملزم اشتہاری بھی ہے جس کی ایف آئی آر نمبر 470/2016 تھانہ کھارادر میں درج ہے۔ ملزم نے موچکو کے علاقے میں رواں برس یکم جون کو گل محمد ولد میر محمد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا کر قتل کردیا تھا۔

موچکو میں قتل کی واردات کی ایف آئی آر نمبر 232/2021 تھانہ موچکو میں درج کر لی گئی۔ ملزم نے تھانہ کلری کے علاقے میں بھی ساتھی کے ساتھ مل کر جہانزیب نامی شہری کو ڈکیتی کے دوران ٹانگ پر گولی مار کر زخمی کردیا تھا۔

دورانِ ڈکیتی گولی مار کر زخمی کرنے کی واردات کی ایف آئی آر نمبر124/2021 اور ایف آئی آر نمبر 125/2021تھانہ کلری میں درج ہے۔ ملزم نے چاکیواڑہ میں اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر تنویر ولد اللہ ڈنو کو بھی ٹانگ پر گولی ماری اور زخمی کردیا۔

چاکیواڑہ میں کی گئی واردات کی ایف آئی آر نمبر 211/2021 تھانہ چاکیواڑہ میں درج ہے۔ اس کے علاوہ بھی ملزم کے خلاف متعدد مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں جن میں تھانہ بغدادی کے مقدمات نمبر 01/2021، 84/2021 اور 137/2021 کے علاوہ تھانہ کلاکوٹ کی ایف آئی آر نمبر 116/2021 بھی شامل ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے ساتھیوں کے متعلق پوچھ گچھ جاری ہے اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے ڈسٹرکٹ سٹی پولیس جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے۔ سی پی ایل سی سے ملزم سے برآمدہ موبائل فونز کی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

کانسٹیبل کی شہادت پر ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 356/2021 درج کر لی گئی ہے۔ ملزم سے برآمدہ غیر قانونی اسلحہ فارنزک کیلئے روانہ کردیا گیا۔ ملزم سے تفتیش کے دوران مزید انکشافات کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی پولیس نے 2مغویوں کو بازیاب کرواکر7اغوا کاروں کو گرفتارکرلیا

Related Posts