وہ انڈین فلمیں جو باکس آفس میں فیل، نیٹ فلکس پر ہٹ ہوگئیں

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

بالی وڈ کی ایسی کئی فلمیں ہیں جنہیں آج کلاسک کا درجہ حاصل ہے لیکن یہ فلمیں باکس آفس میں ناکام رہی تھیں۔ ان میں ’میرا نام جوکر‘ (1970) اور ’انداز اپنا اپنا‘ (1994) جیسی فلمیں بھی شامل ہیں۔

انڈین اخبار دی ہندوستان ٹائمز کے مطابق حالیہ دور میں بھی ایسی فلمیں ہیں جو باکس آفس پر تو کوئی تہلکہ نہ مچا سکیں لیکن جب یہ ایک ایک کر کے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر ریلیز ہوئیں تو انہیں بے حد سراہا گیا۔ یہ فلمیں درج ذیل ہیں:

لال سنگھ چڈھا

اس فہرست میں سب سے بڑا نام نام بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کا ہے۔ یہ فلم ایک ایسے وقت میں ریلیز ہوئی جب انڈیا میں بالی وڈ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ تو یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی لیکن جیسے ہی اسے نیٹ فلکس انڈیا پر ریلیز کیا گیا تو فلم بینوں نے اسے خوب سراہا۔

این ایکشن ہیرو

انیرودھ ائیر کی اس فلم میں ایشمان کھرانا نے ایک ایسے ایکشن ہیرو کا کردار نبھایا تھا جسے اصل زندگی میں جرائم کی دنیا کا مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔ باکس آفس پر صرف 16 کروڑ 24 لاکھ انڈین روپے کمانے والی اس فلم کو نیٹ فلکس پر بہت پسند کیا گیا۔

سندیپ اور پنکی فرار

اس فلم میں ارجن کپور اور پری نیتی چوپڑا نے مرکزی کردار ادا کیے تھے اور یہ ایک ایسے وقت میں ریلیز ہوئی تھی جب سنیما لاک ڈاؤن کے بعد کھلے ہی تھے۔ مارچ میں کچھ ہی عرصہ بڑے پردے پر چلنے کے بعد یہ فلم پرائم ویڈیو انڈیا پر ریلیز ہوئی جہاں اسے پسند کیا گیا۔

سونچڑیا

ابھشیک چوبے کی ڈاکوؤں پر بنی اس فلم میں ششانت سنگھ راجپوت، بھومی پدنیکر اور منوج واجپائی جیسے بڑے نام شامل تھے۔ یہ فلم سنہ 2019 میں کورونا وبا سے پہلے ریلیز ہوئی تھی لیکن یہ باکس آفس پر ناکام رہی تاہم بعد میں اسے ’زی5‘ کے پلیٹ فارم پر جگہ مل گئی اور ششانت کی موت کے بعد اسے خوب دیکھا گیا۔

دھک دھک

یہ فلم چار خواتین کی کہانی ہے جو موٹرسائیکلوں پر لداخ کے سفر کے لیے نکلتی ہیں۔ اس فلم کا ٹریلر اپنی ریلیز سے صرف چار روز قبل ہی جاری کیا گیا تھا، اسی لیے اسے باکس آفس پر کوئی خاص پذیرائی نہ مل سکی مگر آہستہ آہستہ نیٹ فلکس انڈیا پر اسے پسند کرنے والے مل ہی گئے۔

Related Posts