عوام ایران کا سفر کم کریں، حکومت زائرین پرپابندی نہیں لگارہی،وزیر مذہبی امور

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

noor ul haq qadri
noor ul haq qadri

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ مخصوص وقت کے لیے احتیاطاً عوام ایران کا سفر کم سے کم کریں، حکومت قطعی طورپر زائرین پرپابندی نہیں لگارہی۔

ایران میں کوروناوائرس کے معاملے پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور مذہبی رہنما بھی شریک تھے۔

اجلاس میں ایران میں کوروناوائرس سے متعلق تمام صورتحال پر غور کیاگیا، اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے عوام سے ایران کا سفر کم سے کم کرنے کی اپیل کی ہے۔

نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ مخصوص وقت کے لیے احتیاطاً عوام ایران کا سفر کم سے کم کریں، حکومت پاکستان قطعی طورپر زائرین پرپابندی نہیں لگارہی۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال کوشش ہے زائرین اور تجارت کے لیے سفر کو کم سے کم کیا جائے، حکومتی اقدامات پر تمام علمائے کرام کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور علمائے کرام اور مشائخ سے اپیل ہے کہ اپنی مجالس، خطابات اوربیانات میں لوگوں کو تعلیم دیں۔

نورالحق قادری نے بتایا کہ ایرانی حکام، محکمہ صحت، دفترخارجہ اور علمی مراکز سے رابطے میں ہیں، ایران کے سفر کے لیے پالیسی تیار کررہے ہیں، پڑوسی ممالک چین اور ایران کے ساتھ کھڑے ہیں، ان ممالک کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنا ہمارا فریضہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چین سے پھیلنے والامہلک کورونا وائرس ایران کے بعد افغانستان میں داخل

واضح رہے کہ پڑوسی ملک ایران میں بھی چین سے آنے والا مہلک کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اب تک 50 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 250 افراد کو کوارنٹین میں رکھا گیا ہے۔

Related Posts