وزیرِ اعظم عمران خان سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفدکی ملاقات

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

PM imran Hurriyat leaders
PM imran Hurriyat leaders

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

مظفرآباد : وزیرِ اعظم عمران خان سےیوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سید عبداللہ گیلانی اور سید فیض نقشبندی کی قیادت میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان سے سید عبداللہ گیلانی اور سید فیض نقشبندی کی قیادت میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد نےملاقات کی ، وفد میں عبدالمجید ملک، سید اعجاز رحمانی، شیخ محمد یعقوب ، عبدالمجید میر ، شیخ عبدالمتین اور جاوید اقبال بٹ شامل تھے۔

جبکہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور، کشمیر کمیٹی کے چیرمین سید فخر امام، وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر راجہ فاروق حیدر اور اسپیکر آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

حریت کانفرنس کے وفد نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال،بھارت کی جانب سے جابرانہ و یکطرفہ اقدام ، غیر انسانی لاک ڈاؤن ، مواصلاتی ناکہ بندی، بھارتی قابض افواج کے ظلم و ستم اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کی صورتحال کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے پاکستان اور وزیرِ اعظم عمران خان کی ذاتی کاوشوں کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔

وفد نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کرنے کے حوالے سے وزیرِ اعظم عمران خان کو تجاویز پیش کیں۔ان کا کہنا تھا کہ جس موثر انداز میں وزیرِ اعظم پاکستان مظلوم کشمیریوں کی آواز بنے ہیں پوری کشمیری قوم وزیرِ اعظم کی مشکور ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت تباہی کی جانب گامزن ہے، مقبوضہ کشمیر آزاد ہوکر رہے گا ، وزیراعظم

وفد کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام وزیر اعظم عمران خان کی ذات سے خصوصی محبت رکھتے ہیں اور ان کے نام کے نعرے لگاتے ہیں، کشمیری جب شہید ہوتا ہے تو پاکستان کے پرچم میں دفن ہونا چاہتا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نو لاکھ قابض افواج اور ریاستی جبر سے کشمیریوں کی آواز کو دبا یا نہیں جا سکتا،آر ایس ایس کے فلسفے پر عمل پیرا بھارتی سرکارکا فاشسٹ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

وزیراعظم کا کہناتھا کہ ہر سطح اور ہر فورم پرکشمیریوں کی آواز بلند کرتا رہوں گا،ظلم و ستم سے متاثرہ مظلوم بچوں، نوجوانوں اور خواتین کی آوازیں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہے، کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

Related Posts