ملک بھر میں بارش اور برفباری سے متعدد مکانات مکمل طور پر تباہ، ہلاکتوں کی تعداد 83 ہوگئی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

آزاد کشمیر میں برفباری سے 16 مکانات مکمل طور پر تباہ، 12 افراد جان کی بازی ہار گئے
آزاد کشمیر میں برفباری سے 16 مکانات مکمل طور پر تباہ، 12 افراد جان کی بازی ہار گئے

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ملک بھر میں گزشتہ 3 دنوں میں بارش اوربرفباری کے باعث متعدد مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے، درجنوں مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا جبکہ اس دوران 83 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ 

سب سے زیادہ نقصان آزاد کشمیر میں ہوا جہاں برفباری اور بارش کے باعث 16 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے، 14 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ کم از کم 61 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر حالیہ بارشوں اور برفباری سے آزاد کشمیر میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ ارسال کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق برفباری اور بارش کے باعث 61 افراد جاں بحق اور اتنے ہی زخمی ہوئے اور 1 مسجد بھی شہید ہو گئی، تودے گرنے کے باعث 3 گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں اور برفباری کے باعث مختلف حادثات میں 29 افراد زخمی ہوئے جبکہ 35 مکانات کو نقصان پہنچا، اس کے علاوہ مختلف واقعات میں47 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 56 سے زائد مکانات مکمل تباہ ہوئے ہیں۔

آزاد کشمیر کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے وزیر احمد رضا قادری کا کہنا ہے کہ آزادکشمیر کی وادی نیلم میں گرنے والے برفانی تودے سے 49 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں،حالیہ برفباری اور برفانی تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پاک فوج کی مدد سےوادی نیلم ریسکیو آپریشن جاری ہے مگر زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، برفباری کے بعد مزید 4 ہلاکتیں قلعہ عبداللہ، ژوب اور مستونگ سے رپورٹ ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں سردی اور دھند کا راج برقرار ہے، تاہم لاہور کے علاقےٹھوکر نیاز بیگ سے بابو صابو تک دھند کی شدت میں کمی کے باعث ایم 2 موٹر وے کھول دی گئی ہے۔ 

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق لاہور کی ایم 2 موٹر وے ٹھوکر نیاز بیگ سے بابو صابو تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے، تاہم دھند کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی۔

موبائل فون ایپ این ایچ ایم پی ہم سفر میں موٹر وے پولیس کی طرف سے تازہ ترین سفری ہدایات جاری کردی گئی ہیں، سفر شروع کرنے سے قبل اور دورانِ سفر ایپ کا استعمال مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: دھند کی شدت میں کمی: موٹر وے ایم 2 لاہور کیلئے کھل گئی

Related Posts