محمد بن سلمان پاکستان کی ہر سطح پر مدد کے لیے تیار ہیں۔شہباز شریف

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وزیراعظم شہباز شریف اور شہزادہ محمد بن سلمان
(فوٹو: آن لائن)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان پاکستان کی ہر سطح پر مدد کیلئے تیار ہیں۔ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر سعودی عرب کے ممنون ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سعودی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے اعزاز میں عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کی فراخ دلی کی تعریف کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں۔

خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کیلئے سعودی فیاضی کی مثال نہیں ملتی، سعودی کپنیوں کے وفد کا دورہ دونوں ممالک کیلئے مفید ثابت ہوگا۔ سعودی معیشت مختلف شعبہ جات میں بہت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ 70سال سے سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سعودی ولی عہد اور میرے ہم منصب محمد بن سلمان ہر سطح پر پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہیں۔ سعودی کمپنیاں ہماری سرمایہ کار دوست پالیسیوں کا فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کا بھی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے سعودی سرمایہ کاروں کا دورہ کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا، انتھک محنت اور قابلِ ذکر سپورٹ کی۔  سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری ابراہیم المبارک کا کہنا تھا کہ پاکستان سے ہماری دوستی بہت اہمیت کی حامل ہے۔

سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے دو ہفتے قبل ملاقات ہوئی تھی، اس کے بعد ہماری پاکستان آمد ثبوت ہے کہ پاکستان سے ہماری شراکت داری کی کتنی اہمیت ہے۔ ہم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ہدایت پر پاکستان آئے۔

Related Posts