علی امین گنڈا پور عمران خان کی ہدایت پرسیاستدانوں سے مذاکرات کیلئے تیار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

عمران خان
(فوٹو: آن لائن)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے عمران خان کی ہدایت پر سیاستدانوں سے مذاکرات کیلئے تیاری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم غیر متعلقہ لوگوں سے مذاکرات نہیں کریں گے۔مذاکرات ہوئے تو عمران خان سے گائیڈ لائن لوں گا۔

نجی ٹی وی (جیو نیوز) کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور عمران خان کی مذاکراتی ٹیم کے رکن علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم غیر متعلقہ لوگوں سے مذاکرات نہیں کریں گے، ہمیں معلوم ہے حکومت کون کر رہا ہے، کون ڈمی ہے۔ جہاں بات کرنی ہوگی، وہیں کریں گے، سیاسی لوگوں سے بھی مذاکرات ہوسکتے ہیں۔

گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ اگر مذاکرات ہوئے تو عمران خان کی ہدایات کے مطابق ہوں گے۔ پاکستان میں آج لاقانونیت کا سلسلہ ٹوٹنا خوش آئند ہے۔ الیکشن کمیشن نے بڑی ناانصافی کی، ہماری مخصوص نشستیں دیگر لوگوں کو دے دیں۔ ملک بھر میں 77 سے زائد نشستیں چلی گئیں جو امید ہے کہ واپس ملیں گی۔

وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ ہم 9 مئی کو ہر حلقے سے ریلیاں نکالیں گے، صوبے کے حقوق کیلئے وفاق سے مذاکرات ہوسکتے ہیں، گورنر راج لگانے کی شوقین وفاقی حکومت شوق پورا کر لے۔ میں پاکستانی آئین کی پاسداری کا حلف اٹھا چکا ہوں۔ مرکز کی حکومت فارم 47 پر مینڈیٹ چوری کرکے بنی۔ میرے ضیمر نے حلف برداری میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ کہتے ہیں کہ پاکستان کیلئے مذاکرات پر تیار ہیں، ہم ذات کیلئے یا ڈیل کیلئے مذاکرات کیلئے تیار نہیں ہوتے۔ مذاکرات کا ماحول بنے تو عمران خان سے مزید ہدایات لے لوں گا۔ جانتا ہوں کہ حکومت کس کے ہاتھ میں ہے۔ اشاروں پر چلنے والوں سے مذاکرات بے فائدہ ہیں۔ ہمارا مقصد حکومت کی بجائے نظرئیے اور تبدیلی کی تحریک ہے۔

Related Posts