پاکستان کی سلامتی اور بہتری پاک فوج کی اولین ترجیح ہے، آرمی چیف

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان کی سلامتی اور بہتری پاک فوج کی اولین ترجیح ہے، آرمی چیف
پاکستان کی سلامتی اور بہتری پاک فوج کی اولین ترجیح ہے، آرمی چیف

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا جس کے دوران عید کی نماز وہاں تعینات جوانوں کے ساتھ ادا کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور ایل او سی پر تعینات فوجی جوانوں کو سراہا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق لائن آف کنٹرول پر پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہرعباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا، آرمی چیف نے فرنٹ لائن پر جوانوں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے ان کے عزم و حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بحیثیت سپاہی فرنٹ لائن پر دفاع وطن کے لیے خدمات سر انجام دینے پر فخر ہے، پاکستان کے عوام کی سلامتی اور بہتری پاک فوج کی اولین ترجیح ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر کشمیریوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیے، وقت آگیا ہے کہ کشمیر جیسے انسانی المیے کا خاتمہ ہو اور اس مسئلے کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی فارمیشن کے سول انتظامیہ سے تعاون کی تعریف کی اور وبا کے خاتمے کے لیے ہر ممکن احتیاط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں : شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی گئی، شیخ رشید

Related Posts