سینیٹ آف پاکستان کے 52 اراکین ریٹائر، نو منتخب سینیٹرز آج حلف اٹھائیں گے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سینیٹ آف پاکستان کے 52 اراکین ریٹائر، نو منتخب سینیٹرز کی حلف برداری آج ہوگی
سینیٹ آف پاکستان کے 52 اراکین ریٹائر، نو منتخب سینیٹرز کی حلف برداری آج ہوگی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: سینیٹ آف پاکستان کے 52 اراکین آج ریٹائر ہوجائیں گے جس کے بعد نو منتخب سینیٹرز کی تقریبِ حلف برداری بھی آج منعقد ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ایوانِ بالا کے 52 ریٹائر ہونے والے اراکین کی الوداعی تقاریر کیلئے خصوصی اجلاس آج طلب کیا جائے گا۔ سینیٹرز ایوانِ بالا سے آخری بار تقریر کریں گے۔راجہ ظفر الحق، مشاہد اللہ خان اور پرویز رشید سمیت بہت سی اہم شخصیات کا خطاب ہوگا۔

ریٹائر سینیٹرز کی تقاریر کے بعد نو منتخب سینیٹرز کی تقریبِ حلف برداری ہوگی۔ حلف برداری کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔

آج صوبہ سندھ اور پنجاب سے 11، 11 جبکہ کے پی کے اور بلوچستان کے 12، 12 سینیٹرز ایوانِ بالا کو الوداع کہیں گے۔ ن لیگ کے پنجاب سے 11، بلوچستان، کے پی کے اور اسلام آباد سے 2، 2 سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے۔

جو سینیٹرز آج ریٹائر ہوں گے ان میں مشاہد اللہ خان، راجہ ظفر الحق، یعقوب ناصر، پرویز رشید، آغا شاہ زیب درانی، راحیلہ مگسی، چوہدری تنویر، عائشہ رضا فاروق، غوث نیازی، اسد اشرف، عبدالقیوم، صلاح الدین ترمذی، ساجد میر، سلیم ضیاء اور نجمہ حمید شامل ہیں۔

پیپلز پارٹی کے سندھ سے 7 سینیٹرز بھی آج ریٹائر ہوجائیں گے جن میں ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا بھی شامل ہیں۔ دیگر پی پی پی سینیٹرز میں فاروق ایچ نائیک، رحمان ملک، اسلام الدین شیخ، گیان چند، سسی پلیجو اور شیری رحمان کے نام شامل ہیں۔

بی اے پی کے سیینٹر سرفراز بگٹی، خالد بزنجو، نصرت شاہین اور منظور کاکڑ بھی آج ریٹائر ہوں گے۔ نیشنل پارٹی کے اشوک کمار اور میر کبیر بھی آج ہی ایوانِ بالا کو الوداع کہہ دیں گے جبکہ تحریکِ انصاف کے 7 سینیٹرز کے پی کے سے تعلق رکھتے ہیں۔

تحریکِ انصاف کے لیاقت ترکئی، کینتھ ولیمز، نعمان وزیر، محسن عزیز، شبلی فراز، ثمینہ فراز اور ذیشان خانزادہ آج سینیٹر کے عہدے سے ریٹائر ہوجائیں گے۔ جے یو آئی کے مولانا غفور حیدری اور مولانا عطاء الرحمان بھی آج ہی ریٹائر ہوں گے۔

جماعتِ اسلامی کے سربراہ سیینٹر سراج الحق بھی آج ریٹائر ہوں گے جن کے ساتھ عوامی نیشنل پارٹی کی خاتون سینیٹر بھی ریٹائر ہوں گی۔ متحدہ کی خوش بخت شجاعت، عتیق شیخ، علی سیف اور نگہت مرزا بھی آج ہی ریٹائر ہوجائیں گی۔

صوبہ بلوچستان کے آزاد رکنِ سینیٹ یوسف بادینی اور فاٹا کے 4 آزاد ارکان مومن آفریدی، اورنگ زیب اورکزئی، تاج آفریدی اور ساجد طوری،بی این پی مینگل کے جہانزیب جمال دینی اور پی کے میپ کے عثمان کاکڑ اور گل بشریٰ بھی ریٹائر ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم عمران خان اراکینِ سینیٹ کوآج ظہرانہ دیں گے

Related Posts