پی ایم ڈی اے کیا ہے اور صحافی اس کے خلاف احتجاج کیوں کر رہے ہیں؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پی ایم ڈی اے کیا ہے اور صحافی اس کے خلاف احتجاج کیوں کر رہے ہیں؟
پی ایم ڈی اے کیا ہے اور صحافی اس کے خلاف احتجاج کیوں کر رہے ہیں؟

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

جب سے فواد چوہدری نے بطور وزیر اطلاعات و نشریات کا چارج سنبھالا ہے، تب سے وزارت اطلاعات و نشریات نے ایک بار پھر ایک نیا میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی قائم کرنے پر کام شروع کر دیا ہے۔

پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) کے قیام کی تجویز کو صحافیوں ، کارکنان اور حزب اختلاف کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔

پی ایم ڈی اے کیا ہے؟

پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2021 کا مقصد ایک آزاد ، موثر اور شفاف پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) بنانا ہے تاکہ میڈیا کی تمام اقسام کو ریگولیٹ کیا جا سکے اور انہیں ایک کنورجڈ ریگولیٹر اور قانونی اتھارٹی کے تحت لایا جا سکے۔

پی ایم ڈی اے فلموں ، الیکٹرانک ، پرنٹ ، ڈیجیٹل میڈیا بشمول ویب ٹی وی ، او ٹی ٹی اور نیوز ویب سائٹس کو کنٹرول کرے گا۔ آرڈیننس کا مسودہ فی الحال زیر نظر ہے اور جلد ہی قانون سازی کے لیے پیش کیا جائے گا اور ملک بھر میں نافذ کیا جائے گا۔

پی ڈی ایم اے الیکٹرانک ، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے لائسنس جاری کرے گا۔ اتھارٹی زمرہ جات کو مزید ذیلی درجہ بندی کر سکتی ہے جیسا کہ وہ مناسب سمجھے گا، جیسے خبریں اور موجودہ معاملات ، تفریح ​​، کھیل ، علاقائی زبان ، تعلیم ، زراعت ، صحت ، خصوصی مضامین ، بچے ، سفر اور سیاحت ، سائنس اور ٹیکنالوجی وغیرہ۔

کوئی بھی براڈکاسٹ میڈیا چینل/پرنٹ میڈیا یا ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم سرکاری شعبے کے اشتہار کا حقدار نہیں ہوگا جب تک کہ اس کے باضابطہ آغاز کے بعد سے ایک سال کا نان اسٹاپ آپریشن مکمل نہیں کر لے گا۔

“کوئی بھی لائسنس یافتہ اور رجسٹرڈ ادارہ ، اعلامیہ اور این او سی ہولڈر یا شخص جو اس آرڈیننس کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی کرتا ہے یا اس کی حوصلہ شکنی کرتا ہے تو وہ مجرم گردانہ جائے گا جس کی سزا تین سال تک قید یا جرمانہ ہو سکتی ہے۔ پچیس ملین روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے یا دونوں سزائیں اکٹھی بھی دی جاسکتی ہیں۔

اتھارٹی لائسنس یافتہ سے تقاضا کرتی ہے کہ وہ ایسی کوئی بھی چیز نشر ، تقسیم یا آن لائن نہیں چلائے گا جوکہ جھوٹی یا بے بنیاد کہلائی جاتی ہے یا غلط ہے یا جس کی وجہ سے یہ یقین کرنے کی کافی وجوہات موجود ہیں کہ یہ خبر جھوٹی ، بے بنیاد یا غلط ہے۔

پی ایم ڈی اے کے مسودے کے مطابق اتھارٹی ایک چیئرمین اور 11 اراکین پر مشتمل ہو گی جس کی تعیناتی وفاقی حکومت کے مشورے سے صدر پاکستان کریں گے۔ اتھارٹی کا چیئرمین انفارمیشن ٹیکنالوجی کے گروپ افسران کے گریڈ 21-22 کے پینل سے مقرر کیا جائے گا۔

صحافیوں کی مخالفت

صحافی برادری نے مجوزہ آرڈیننس کی مخالفت کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا شروع کردیا۔ اپوزیشن کی سیاسی جماعتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی احتجاج میں شامل ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ PDMA کا مقصد پریس کی آزادی کو دبانا ہے۔

احتجاجی کال مختلف صحافتی اداروں نے دی تھی ، جن کی سربراہی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کر رہی تھی۔ پی ایف یو جے کے جنرل سیکرٹری ناصر زیدی نے کہا کہ صحافی برادری نے مجوزہ پی ایم ڈی اے کو مسترد کر دیا ہے کیونکہ یہ میڈیا کی آواز کو دبانے کی کوشش تھی۔

مشترکہ ایکشن کمیٹی بشمول نمائندہ میڈیا تنظیمیں یعنی پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) ، آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) ، کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) ، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) ، اور ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اور نیوز ڈائریکٹرز (AEMEND) نے اتھارٹی کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا تھا کہ صحافی مجوزہ میڈیا اتھارٹی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے صدارتی خطاب کا بائیکاٹ کریں گے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) نے مجوزہ میڈیا اتھارٹی کے خلاف ان کی لڑائی میں صحافیوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ڈیجیٹل میڈیا پر پابندیاں

یہ تجویز کیا گیا ہے کہ پی ایم ڈی اے کو ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم رجسٹر کرنے کا اختیار دیا جائے۔ اس صورت میں ، ڈیجیٹل میڈیا کو حکومت کی طرف سے مزید سخت ضابطے اور کنٹرول دیکھنے کا بھی امکان ہے۔

پی ایم ڈی اے کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا سیل فون کے ذریعے پیش کردہ میڈیا رپورٹنگ کے مواد پر کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ پی ایم ڈی اے کو یہ اختیار حاصل ہو گا کہ وہ میڈیا اداروں پر پابندیوں کو نافذ کرنے کی صورت میں قواعد و ضوابط کی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں اور ڈیجیٹل میڈیا پر شائع اور شیئر کیے گئے مواد پر زیادہ سے زیادہ کنٹرول کرے۔

ادارہ آن لائن اشتہارات کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی کی مانیٹرنگ بڑھانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ تمام ‘غیر دستاویزی اور غیر قانونی’ آن لائن اشتہارات کا مطلب ہے کہ “آمدنی لیک اور ٹیکس چوری” کے امکانات ہیں۔ لہذا اتھارٹی انٹرنیٹ پر مبنی اشتہارات اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کے لیے ہدایات جاری کرے گی۔

اجرت ، شکایات اور ٹربیونل

اپنے ریگولیٹری کام کے علاوہ ، اتھارٹی میڈیا ملازمین کی اجرت کا تعین کرے گی اور اجرت کے تنازعات کو حل کرے گی۔ وفاقی حکومت میڈیا پلیٹ فارمز پر شائع یا نشر ہونے والے مواد اور میڈیا ورکرز کو اجرت کی عدم ادائیگی سے متعلق شکایات وصول کرنے ، جانچنے اور جائزہ لینے کے لیے میڈیا شکایات کونسل قائم کرے گی۔

کونسل کسی بھی میڈیا اتھارٹی کو طلب کرنے کا اختیار رکھے گی ، یا جن کے خلاف شکایات درج ہیں ان سے وضاحت طلب کی جائے گی۔ اگر کوئی شخص کونسل یا پی ایم ڈی اے کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے اپیل دائر کرنا چاہتا ہے تو وہ اتھارٹی کے تحت کام کرنے والے ٹربیونل سے رجوع کر سکے گا۔

پی ایم ڈی اے کے مسودے میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ اتھارٹی کی حیثیت کو کوئی بھی شخص چیلنج نہیں کرسکے گا ماسوائے سپریم کورٹ کے ، جس کو حق حاصل ہو گا کہ وہ پی ایم ڈی اے کے کسی بھی آرڈیننس پر سوال اٹھا سکتا ہے۔

ان ٹربیونلز کو نئی دفعات کی خلاف ورزی کرنے پر والوں کو تین سال تک قید اور 25 ملین روپے جرمانے کی سزائیں دینے کا اختیار حاصل ہوگا۔

صحافیوں کو پُرامن احتجاج کا حق حاصل ہے۔ حکومت کو ایسے قوانین منظور نہیں کرنے چاہئیں جو اظہار رائے کی آزادی میں رکاوٹ بنیں بلکہ ان کے تحفظات کو دور کرنے اور معاشرے میں جمہوری اصولوں کو مضبوط بنانے کے لیے میڈیا برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

Related Posts