پاکستان میں خوش آمدید

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کوئی سمندر پار پاکستانی یا پھر کوئی سیاح جب پاکستان کا رخ کرتا ہے تو اسے یہاں آتے ہی سب سے پہلے جس چیز سے واسطہ پڑتا ہے وہ یہاں کا بے ہنگم نظام، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور لاقانونیت کا راج ہے جو اسے چیخ چیخ کر پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

خوش آمدید کہ آپ ایک ایسی سرزمین میں داخل ہو گئے ہیں جہاں طبیعیات کے قوانین اور سائنس کے اصولوں کے ساتھ ساتھ دنیا کا کوئی بڑے سے بڑا قانون بھی لاگو نہیں ہوتا۔ پولیسنگ کا سب سے بڑا اصول رشوت خوری اور سیاست کی سب سے خوبصورت عادت کرپشن ہے۔

ملک بھر میں افراتفری کا راج ہے۔ واحد اصول جو واقعی ہم پاکستانیوں پر لاگو ہوتا ہے، وہ یہ ہے کہ ہم کسی اصول پر عمل نہیں کرتے، بلکہ کسی بھی قانون کو خاطر میں لانا ہماری طبعِ نازک پر گراں گزرتا ہے۔ ملک کے سیاستدانوں نے قانون شکنی کے نت نئے طریقے اختیار کیے ہوئے ہیں جو تجربہ کار مجرموں کو بھی حسد میں مبتلا کردیتے ہیں۔

ترقیاتی فنڈز ہضم کرنا ہو، رشوت خوری ہو یا دھوکہ دہی، ہمارے سیاستدانوں نے ہر بدعنوانی کے کام میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے اور جن سے آپ قانون کی زیادہ پاسداری کی توقع رکھتے ہیں یعنی وکلاء اور جج صاحبان، وہ ان کو عدل کے دائرے میں لانے کی بجائے دائرے سے نکالنے کے نت نئے طریقے سوچتے ہیں۔

دراصل صرف سیاستدان اور وکلاء نہیں بلکہ ملک کے عام شہری بھی لاقانونیت کی اس دوڑ میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ وہ بھی قانون شکنی کو زندگی گزارنے کا بہترین طریقہ سمجھتے ہیں۔ چاہے وہ ٹریفک سگنل توڑنا ہو، رانگ سائیڈ پر گاڑی چلانا ہو یا سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنا، اس دوڑ میں ہم دنیا کی ہر قوم سے آگے ہیں۔

غیر ملکی لوگ سمجھتے ہیں کہ پاکستانی شاید فخر کے احساس کے ساتھ یہ سب کچھ کرتے ہیں کیونکہ ہم قانون شکنی اتنی زیادہ پسند کرتے ہیں کہ اسے کرنے کے نت نئے اور تخلیقی طریقے تک اختیار کرنے سے نہیں کتراتے۔ اپنے اصول ہم خود بناتے ہیں تاکہ انہیں زیادہ توجہ دے کر اور سخت محنت کے ساتھ توڑ سکیں۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ من حیث القوم ہم اپنی یہ تمام تر عادتیں بدلیں اور سب سے پہلے پاکستان کے نعرے لگانا چھوڑ کر سب سے پہلے قانون اور انصاف کو اپنائیں تاکہ سب سے پہلے پاکستان کے نعرے ہماری بجائے دیگر اقوام بھی لگانا شروع کردیں۔ شاید یہی اس تمام تر لاقانونیت کا کوئی مسکت جواب ثابت ہوسکے۔

Related Posts