خطے میں دیر پا امن کے قیام کے لیے باہمی تنازعات کا حل ناگزیر ہے۔شاہ محمود قریشی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کی مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مختلف ممالک کے عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی اور بھارت کی جانب سے کشمیری مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے آگاہ کیا۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

  وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطے میں دیر پا امن  کے قیام کے لیے پاکستان اور بھارت کے مابین باہمی تنازعات کا حل ناگزیر ہے لیکن بھارت نے کشمیر میں کرفیو لگا رکھا ہے۔

امریکا کے شہر نیو یارک میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انٹرنیشنل کرائسز گروپ کے صدر سے ملاقات کے دوران انہیں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست سے مقبوضہ کشمیر میں نافذ کرفیو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی کشمیر اسٹڈی گروپ کے بانی سے ملاقات 

وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت نے 80 لاکھ مظلوم کشمیریوں کو یرغمال بنا کر انہیں بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر رکھا ہے جبکہ کشمیر میں بنیادی ضروریاتِ زندگی اور جان بچانے والی ادویات تک میسر نہیں۔کشمیر میں ریڈ کراس کو بھی کام  نہیں کرنے دیا جا رہا۔ آج ریڈ کراس سے بھی پوچھیں گے کہ کیا رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔

کشمیری وفد سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گیارہ رکنی کشمیری وفد سے نشست کے دوران ہم رہنماؤں سے کشمیر کی صورتحال کے ساتھ ساتھ یہ بھی معلوم کریں گے کہ ہم سے کیا توقعات وابستہ ہیں تاکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کیا جاسکے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورۂ امریکا کے خصوصی مقاصد کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ پیش کرنا اولین مقصد ہے۔ یہ دنوں یا ہفتوں کی لڑائی نہیں ہے بلکہ انسانی اور مذہبی آزادی کے لیے کام کرنے والوں کو چاہیئے کہ وہ مل کر جدوجہد کریں۔ بہت سے ہندوستانی بھی بھارت کے اقدامات پر پاکستان کے ساتھ ہیں۔ 

 شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج دنیا بھر کا میڈیا بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے مظالم کو بے نقاب کر رہا ہے جبکہ پاکستان چاہتا ہے کہ مظلوم کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت اور اپنی مرضی سے جینے کا حق دیا جانا چاہئے۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہہ چکے ہیں  کہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کے معاملے میں کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ دُنیا منہ موڑے تو موڑے لیکن پاکستان کشمیر سے کبھی منہ نہیں موڑ سکتا۔ ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں کشمیر پر کبھی سودے بازی نہیں ہوگی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم کی رائے میں کوئی فرق نہیں ہے۔ ہم کل بھی اس مسئلے پر ایک تھے، آج بھی ایک ہیں۔ قومی یکجہتی مسئلے کے حل کے لیے بہت ضروری ہے۔ یہ بات درست ہے کہ مسئلہ زمین کے ٹکڑے کا نہیں بلکہ کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کا ہے۔ آج بھارت کے مؤقف کو کوئی تسلیم نہیں کر رہا۔ پورا عالمی میڈیا بھارت کے خلاف ہوچکا ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان کشمیر سے کبھی منہ نہیں موڑے گا، نہ اس پر کوئی سودے بازی ہوگی۔شاہ محمود قریشی

Related Posts