امریکا کیلئے یوکرین جنگ کی قیمت

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

2022 میں، امریکی حکومت نے دنیا بھر میں انسانی امداد میں 12 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کا عطیہ دیا۔ جرمنی نے 3 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ، جبکہ یورپی کمیشن نے تقریبا 2 بلین امریکی ڈالر کا عطیہ دیا۔ مزید تقریباً 5 بلین ڈالر سات دیگر امیر یورپی ممالک نے عطیہ کیے ہیں۔ اس کا تذکرہ عالمی سطح پر معروف تجزیاتی تحقیقی تھنک ٹینک دی اسٹیٹسٹا نے 5 جنوری 2023 کو اپنی تحقیقی رپورٹ میں کیا ہے۔

24 فروری کو یوکرین میں جنگ شروع ہونے کے فوراً بعد 2021 کی ٹوٹل انسانی امداد ($ 22 بلین) کا ایک بڑا حصہ یوکرین کو پہنچایا گیا۔ اس سال مجموعی انسانی امداد کا صرف ایک حصہ افریقہ ایشیا یا کم ترقی یافتہ ممالک یا ترقی پذیر ممالک کو دیا گیا۔

یہ اس سے بہت کم ہے جو صرف امریکہ نے 2021 میں تقسیم کیا – کل 38 بلین ڈالر۔ بجٹ کا تقریباً 25 فیصد حصہ صرف دس ممالک ایتھوپیا ($1.13 بلین)، اردن ($1.03 بلین)، افغانستان ($860 ملین)، جنوبی سوڈان ($821 ملین)، کانگو ($814 ملین)، یمن ($814 ملین)، ($803 ملین)، شام ($774 ملین)، سوڈان ($488 ملین)، اور صومالیہ ($475 ملین)،نائجیریا ($814 ملین) کو دیا گیا۔

بائیڈن انتظامیہ نے جنوری 2022 کے آخر میں اعلان کیا تھا کہ اس نے ”انسانی حقوق کے خدشات” کی وجہ سے مصر کو دی جانے والی 130 ملین ڈالر کی فوجی امداد منسوخ کر دی ہے، اس کے چند دن بعد جب امریکہ نے ملک کو 2.5 بلین ڈالر کے ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دی تھی۔

محکمہ خارجہ نے کہا کہ ”رقم کو دوسرے پروگراموں میں منتقل کیا جائے گا لیکن اس کی وضاحت نہیں کی گئی”۔ محکمہ نے فوجی ٹرانسپورٹ طیاروں اور ریڈار سسٹم کی 2.5 بلین ڈالر کی فروخت کا کوئی ذکر نہیں کیا جسے اس نے اعلان سے چند دن قبل منظور کیا تھا۔ یہاں تک کہ اس معاہدے میں مصر کی حکومت کے 130 ملین ڈالر کے منجمد ہونے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا تھا۔

دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی فوجی امداد کو محدود کر دیا گیا ہے جبکہ ٹی ٹی پی کا خطرہ خونریز واقعات میں تبدیل ہونا شروع ہو گیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران پاکستان کو پوری دنیا میں امریکی فوجی امداد کا صرف چار فیصد ملتا تھا۔ اگرچہ یوکرین کی جنگ نے خطے میں پاکستان کی سٹریٹجک اہمیت میں اضافہ کیا ہے اور روس کی طرف ملک کے جھکاؤ نے واشنگٹن کے لیے مزید خدشات میں اضافہ کیا ہے۔

یوکرین کو ضرورت سے زیادہ مالی اور فوجی امداد کی وجہ سے امریکہ کو ایشیا پیسفک خطے میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ عوامی جمہوریہ چین کی طرف سے ”بڑھتے ہوئے خطرے” کے خلاف دفاع کے لیے تائیوان کو ہتھیاروں کی فراہمی کے لیے واشنگٹن کی طویل مدتی حکمت عملی میں نمایاں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔

مثال کے طور پر، تائی پے کی طرف سے بروقت ادائیگی کے باوجود، واشنگٹن نے ابھی تک 200 سے زیادہ جیولن اینٹی ٹینک میزائل سسٹم اور اتنی ہی تعداد میں اسٹنگر مین پورٹیبل ایئر ڈیفنس سسٹم تائیوان کو فراہم نہیں کیے ہیں۔ امریکہ تائیوان کو تقریباً 20 بلین ڈالر مالیت کے ہتھیاروں اور فوجی ساز و سامان کی فراہمی میں تاخیر کر رہا ہے۔

اسی وقت، امریکا پہلے ہی یوکرین کو فوجی امداد کے لیے 29 بلین ڈالر سے زیادہ مختص کر چکا ہے۔ ریاست ٹیکساس سے امریکی ہاؤس آرمڈ سروسز کمیٹی کے ریپبلکن رکن مائیکل میک کاول کے مطابق، اس حقیقت کے باوجود کہ بعض صورتوں میں دیگر ممالک کو امریکی فوجی سپلائی میں تاخیر تین سال تک پہنچ سکتی ہے، کیف کو دی جانے والی فوجی امداد کا حجم کم نہیں کیا گیا۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ واشنگٹن تمام تر مشکلات کے باوجود اسرائیل کو ملٹری فنڈنگ روکتا ہے اور نہ ہی کم کرتا ہے۔ اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد میں اضافے کے کئی سالوں کے بعد، کانگریس کے ارکان تقریباً دو سالوں سے ہتھیاروں کے لیے خالی چیک لکھنے کی حکمت اور اخلاقیات پر بحث کر رہے ہیں۔ جن میں سے کچھ امریکی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں فوجی قبضے میں رہنے والے فلسطینیوں کے خلاف استعمال کیے جاتے ہیں۔

قانون سازوں کے درمیان دلائل کے تبادلے کے بعد، کانگریس وومن بیٹی میک کولم نے 15 اپریل 2021 کو ایک بل پیش کیا جسے سترہ نمائندوں کی حمایت حاصل تھی، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اسرائیل کے فوجی عدالتی نظام میں فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری اور فلسطینی اراضی کے غیر قانونی الحاق کے ذریعے فلسطینی بچوں کے ساتھ ناروا سلوک کے لیے امریکی فنڈز کا استعمال نہ ہو۔

جواب میں، کانگریس مین ٹیڈ ڈیچ نے 22 اپریل 2021 کو ایک خط پیش کیا، جس پر 300 سے زائد نمائندوں کے دستخط تھے، جس میں ”فنڈنگ کو کم کرنے یا سیکیورٹی امداد پر شرائط شامل کرنے” کے خلاف بحث کی گئی تھی۔

اب، انہوں نے یوکرین (غلط) مہم جوئی کے بارے میں سرگوشیاں شروع کردی ہیں۔ کچھ سابق سینئر حکام اور سینیٹرز کھلے عام واشنگٹن کی کئی ممالک میں فوجی سرمایہ کاری اور مداخلتوں اور اس کے امریکی عوام کو پہنچنے والے فوائد پر سوال اٹھا رہے ہیں جبکہ مہنگائی اور بے روزگاری ایک نئی بلندی پر پہنچ گئی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ پوری دنیا میں اپنی دیگر ذمہ داریوں سے آنکھیں بند کر رہی ہے مگر یوکرین کی جنگ جس کا فائدہ صرف جنگی سوداگروں کو پہنچنا ہے۔

مصنف ایک فری لانس صحافی اور براڈکاسٹر اور ڈائریکٹر Devcom-Pakistan ہیں۔ ان سے devcom.pakistan@gmail.com اور tweet@EmmayeSyed پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Related Posts