حکومتی پالیسیوں کے ثمرات نظر آنا شروع

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کاروباری ہفتے کے پہلے روز ایشیا سمیت دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس میں حصص کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا تاہم پاکستان میں سرمایہ کاروں کے اعتمار اور حکومت کی حوصلہ افزا پالیسیوں کے باعث مسلسل آٹھویں روز بھی کاروبار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

عالمی مالیاتی ادارے کے سہ ماہی جائزہ کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس میں اضافہ دیکھنے میں آیا، آئی ایم ایف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کے سبب پاکستان کے مالی خسارے میں کمی واقع ہوئی ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے مالی اعانت کے پروگرام کی پہلی قسط کے اجرا کے بعد پاکستان کے غیر ملکی زیرمبادلہ کے ذخائر میں مزید اضافہ بھی متوقع ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 44 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔

آئی ایم ایف کاکہنا ہے کہ اپریل میں پروگرام کی منظوری کے بعد سے پاکستان کا معاشی نقطہ نظر تبدیل نہیں ہوا ، اور انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اگلے مالی سال میں افراط زر میں کمی آئے گی تاہم عالمی مالیاتی ادارے نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ پاکستان کیلئے ملکی اور بین الاقوامی خطرات اب بھی برقرار ہیں۔

دوسری جانب عالمی بینک نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے والے دنیا کے 20 بڑے ممالک کی فہرست جاری کردی ہے جس میں پاکستان بھی شامل ہے ۔فہرست میں ترقی یافتہ ممالک کو شامل نہیں کیا گیا بلکہ ترقی پذیر ممالک کو فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے جنہوں نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے سمیت عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔

دوسری جانب کاروبار، سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے جریدے فوربز نے پاکستان کو کاروبار کیلئے بہترین ملک قرار دیدیا ہے،فوربز کے مطابق پاکستان کا شمار ان تین ممالک میں ہوتا ہے جنہوں نے مجموعی طور پر مثبت پیشرفت کی ہے ،اس حوالے سے پاکستان 32 ویں نمبر سے 14 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

فہرست میں پاکستان کو 14 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے اور بتایا گیا کہ پاکستان نے 6 شعبہ جات میں اصلاحات متعارف کرائیں، جس سے لوگوں کی زندگی بہتر ہونے سمیت وہاں کاروبار کے مواقع پیدا ہوئے۔

عالمی بینک نے پاکستان کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ پاکستان نے تعمیراتی کاموں، جائیداد کی ملکیت، بجلی کی فراہمی، سرحد پار تجارت اور عوام کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے جیسی اصلاحات متعارف کرائیں۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال خواتین کی قیادت اور سرمایہ کاری میں آسانی کے حوالے سے بھی پاکستان کے درجے میں غیرمعمولی بہتری آئی ہے جو وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی اقتصادی اصلاحات کا نتیجہ ہے۔

آج پاکستان محفوظ ملک بن چکا ہے اور سیاحت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بھی ہمیں نمایاں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں امریکی جریدے کی رپورٹ اسی امر کی عکاسی کرتی ہے جس پر پوری پاکستانی قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ ہمیں پاکستان کے مثبت تشخص پراب کسی کو نقب لگانے کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔

Related Posts