روس کو تنہا کرنے کوشش: ملٹی پولر دنیا کے لیے ایک چیلنج

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

26 واں سالانہ سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم کا سالانہ اجلاس (SPIEF) 17 جون 2023 کو بہت سی امیدوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، متحدہ عرب امارات (UAE) اس سال SPIEF کا مہمان ملک تھا۔

SPIEF، جسے ”روسی ڈاووس” کہا جاتا ہے، اس سال ”ایونٹ کی 25 سالہ تاریخ میں سب سے کم متاثر کن نمائش ثابت ہوئی، جیسا کہ ماسکو ٹائمز نے رپورٹ کیا۔ روس کی سالانہ چار روزہ اقتصادی نمائش، جو کبھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کا ہجوم روسی صدر کے آبائی شہر کی جانب کھینچتی تھی، اس سال بھی مغربی ممالک اور ان کے قریبی دوستوں نے یوکرین میں جنگ کی وجہ سے مسلسل دوسرے سال بائیکاٹ کیا ہے۔

پچھلے سال بھی ایسا ہی ہوا تھا جب 69 ممالک کے 140 مندوبین نے SPIEF 2022 میں اپنی شرکت کی تصدیق کی تھی، لیکن بہت کم شریک ہوئے تھے، اس سال کے زیادہ تر شرکاء کامن ویلتھ آف انڈیپنڈنٹ اسٹیٹس (CIS)، افریقی ممالک، کیوبا اور UAE سے تھے، جن میں یورپی ممالک یا امریکہ کی کوئی نمائندگی نہیں تھی۔حتیٰ کہ روس کے قریبی دوست چین اور بھارت نے بھی اس فورم میں شرکت کی ہمت نہیں کی۔ پاکستان کی غریب اور کمزور ریاست کی حاضری کے کیا کہنے۔

چین کے پاس فورم پر نہ آنے کی واضح وجہ تھی کیونکہ وہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے دورہ چین کی توقع کررہا تھا، بلنکن کا بیجنگ کا دورہ بالی (انڈونیشیا) نومبر 2022 کے وسط میں امریکی وچین صدور کی ایک سائیڈ لائن میٹنگ میں G20 سربراہی اجلاس کے دوران طے کیا گیا تھا۔بلنکن کا بیجنگ کا دورہ ابتدائی طور پر فروری 2023 میں طے ہوا تھا، لیکن امریکہ کی جانب سے چین کے جاسوس غبارے کا معاملہ سامنے آنے کے باعث ملتوی کر دیا گیا۔

اس واقعے نے دنیا بھر میں ایک تنازعہ کھڑا کر دیا تھا۔ تاہم، چین نے کہا کہ یہ ایک ”موسم کی پیش گوئی کرنے والا غبارہ” تھا جو اپنی اصل پوزیشن سے ہٹ گیا تھا۔بلنکن کی اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ ملاقات SPIEF کے ٹھیک ایک دن بعد 18 جون کو بیجنگ میں ہوئی۔ایسا لگتا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ جان بوجھ کر چین پر دباؤ ڈال رہی ہے، اور SPIEF کے ایک اہم لمحے میں چین کو کامیابی کے ساتھ روس سے دور رکھا ہے۔ یہ وہ موقع تھا جب صدر پیوٹن کو روس کی لابی کو دکھانے کے لیے چین کی ان کے ساتھ یکجہتی کی توقع کرنی چاہیے تھی۔

اس کے برعکس، چین نے 2018 میں پومپیو کے دورے کے تقریباً پانچ سال بعد ہونے والے اس اعلیٰ سطح کے دورے کے موقع پر روس کے ساتھ قربت بڑھانے کا کوئی خطرہ مول لینے کو ترجیح دی۔ چین کا SPIEF سے باہر نکلنا عجیب تھا یہ جاننے کے باوجود کہ چین-امریکہ کے تعلقات سے کوئی اہم نتیجہ برآمد ہونے کی توقع نہیں تھی۔ اور بلنکن کا دورہ چین دونوں ممالک کے لیے کچھ خاص نہیں رہا۔

یہ ظاہر ہے کہ دونوں عالمی حریف اپنے معاشی اور تزویراتی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ یہ سلسلہ زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا۔ بہر حال، چین اور ہندوستان کی عدم موجودگی، جس پرروس مغرب کے ساتھ اپنی علیحدگی کے بعد اپنی معاشی قسمت داؤ پر لگا رہا ہے، روس کی آنکھیں کھول دے گا کہ روس کب تک اور کس حد تک ان ممالک پر بھروسہ کر سکتا ہے۔ یہاں تک کہ قازقستان کے صدر نے آخری لمحات میں آنے سے انکار کر دیا۔

SPIEF اور اس کے مہمانوں کی فہرست کریملن کے لیے ہمیشہ ایک اہم معاملہ رہا ہے جو خطرناک حد تک سمٹ گیا ہے۔ پچھلے سالوں میں، فورم کے شرکاء میں جرمنی کے چانسلر، اٹلی، جاپان اور ہندوستان کے وزرائے اعظم اور چین کے صدور شامل ہیں۔اس فورم نے باقی دنیا کے ساتھ روس کے اقتصادی تعاون اور روس کی معیشت کو جدید بنانے کے بارے میں مثبت بات چیت کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا ہے۔ SPIEF میں کچھ بلاک بسٹر ملٹی نیشنل کاروباری سودوں پر دستخط کیے گئے تھے، جیسے کہ Nord Stream گیس پائپ لائن، جو پچھلے سال اڑا دی گئی تھی۔

ایک عام رائے یہ ہے کہ یوکرین میں روس کے ”خصوصی فوجی آپریشن” نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مسلسل دو سالوں سے SPIEF سے دور کیا ہے۔جو یقینی طور پر، روسی معیشت کے لئے ایک بڑا دھچکاہے۔ اس سے بھی بڑا دھچکا روس پر امریکی پابندیوں کا نتیجہ تھا۔ امریکہ اور مغرب نے روسی حکومت، افراد اور کمپنیوں کے 370 بلین ڈالر کے اثاثے ضبط کر لیے۔ یوکرین میں اپنی مداخلت کا جواز پیش کرنے کے لیے کریملن کی کوششوں کے باوجود فروری 2022 سے روس اپنا بیشتر اقتصادی محاذ کھو چکا ہے۔بدقسمتی سے، روس بیرونی سرمائے کے اخراج اور مغرب کے ساتھ کاروباری سودوں کے نقصان کو نہیں روک سکتا۔

روسی صدر نے 18 جون کو سات رکنی افریقی امن مشن کے ساتھ ملاقات میں ”ٹوٹے ہوئے وعدوں ” کو دہرایا۔ مشن کو SPIEF 2023 کی افتتاحی تقریب میں پہنچنا تھا لیکن وہ پولینڈ میں تین دن تک پھنس گیا کیونکہ ہنگری نے انہیں فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔ روس کے صدر نے ”یوکرین کے تصفیے پر افریقی ریاستوں کی طرف سے کسی بھی تجویز پر نظرثانی کرنے” پر اتفاق کرتے ہوئے، اس معاہدے کا مسودہ دکھایا جس پر انھوں نے ابتدائی طور پر مارچ 2022 میں استنبول میں یوکرین کے ساتھ دستخط کیے تھے۔

تاہم، روسی افواج کے انخلا کے بعد، یوکرین نے اس دستاویز کو نظر انداز کر دیا، جس میں 18 آرٹیکلز اور ضمیمے، اور یوکرین کی غیر جانبداری اور روس کی سلامتی کی ضمانتوں پر شقیں شامل تھیں۔افریقی امن مشن نے دونوں فریقوں سے کہا ہے کہ وہ جنگ کے خاتمے کے لیے اپنی اور دیگر تجاویز پر غور کریں، اور تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ اس جنگ نے افریقی براعظم اور اس کے علاوہ دنیا کے کئی دوسرے ممالک پر منفی اثرات مرتب کیے تھے۔ براعظم اقتصادی طور پر متاثر ہو رہا ہے: توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جیسا کہ کھاد اور خوراک کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، ایندھن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، اور یہ جاری جنگ کے نتائج ہیں۔

مشن نے دونوں فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کو کم کریں اور نئے امن مذاکرات شروع کریں، اقوام متحدہ کے چارٹر کی تفہیم میں ممالک کی خودمختاری کو تسلیم کرتے ہوئے، تمام ممالک کی سلامتی کی ضمانت دی جائے، خاص طور پر اناج کی آزادانہ نقل و حرکت کے لیے بحیرہ اسود کو کھول دیا جائے۔ افریقی ممالک، تنازعات کے علاقوں میں ضرورت مندوں کے لیے انسانی امداد کو یقینی بنانا، دونوں طرف سے جنگی قیدیوں کی فوری رہائی بشمول یرغمال بچوں کی واپسی، اور جنگ کے بعد تعمیر نو کا ایک جامع منصوبہ پیش کیا گیا۔ مشن نے کچھ ایسے عمل کو اپنانے کی بھی تجویز پیش کی جو اس جنگ کے خاتمے کا باعث بنیں گے۔

افریقی امن مشن نے ماسکو پہنچنے سے قبل کیف میں یوکرین کے صدر سے امن اقدام پر تبادلہ خیال کیا تھا۔روس اور یوکرین کے درمیان پرامن تصفیہ افریقی ممالک میں غذائی تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ یہاں تک کہ اقوام متحدہ اور ترکی کی ثالثی میں یوکرائنی اناج کا معاہدہ بھی اس مقصد کو پورا نہیں کر سکا۔ اناج کا بہت کم حصہ افریقہ تک پہنچ سکتا ہے۔درست یا غلط، یوکرین جنگ پر امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے جو بیانیہ بنایا ہے وہ بہت مضبوط ہے۔

نیٹو بظاہر بے بس دکھائی دیتی ہے لیکن یہ روس کو تنہا کرنے کے لیے پیسا بہاتی رہے گی اس سے قطع نظر کہ ان اپنے گھر میں افراط زر، اشیاء خورونوش اور توانائی کی صورتحال خراب سے خراب تر ہوتی جارہی ہے۔ شاید افریقی امن مشن کا انجام بھی ناکامی کی صورت میں نکلے جیسا کہ استنبول معاہدہ حتمی شکل اختیار نہ کرسکا یا گندم کی ترسیل کا ایگریمنٹ ناکامی سے دوچار ہوا۔

مصنف ایک فری لانس صحافی اور براڈکاسٹر اور ڈائریکٹر Devcom-Pakistan ہیں۔ ان سے devcom.pakistan@gmail.com اور tweet@EmmayeSyed پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Related Posts