ریڈ بال کرکٹ کا اصل حسن

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

 ایک جگہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز جاری ہے جس میں اب تک کیویز کا پلڑا بھاری نظر آتاہے اور پاکستانی شاہین کیویز کی سرزمین پر پرواز بھرنے کی بجائے محض پھڑپھڑاتے ہی دکھائی دے رہے ہیں، اس کی ایک وجہ پاکستان کی ہمیشہ سے خراب فیلڈنگ کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کی اچھی کارکردگی کو بھی مانا جاسکتا ہے۔

یوں تو پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی گرفت کمزور ہوچکی ہے اور پاکستان کسی صورت پہلے ٹیسٹ میں فتح کے قریب تو دورکی بات باعزت شکست بھی جوئے شیر لائے کے مترادف ہے۔اس کے ساتھ ساتھ قومی ٹیسٹ ٹیم کی پہلی بار قیادت کرنیوالے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور آل راؤنڈر فہیم اشرف فارم میں دکھائی دے رہے ہیں جس کا اعتراف ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے بھی کیا ہے اور یہ بات پاکستان کیلئے نہایت خوش آئند ہے۔

اگر پوری سیریز کا مجموعی جائزہ لیا جائے تو یہ مقابلہ پاکستانی بلے بازوں اور کیوی باؤلرز کے درمیان ہے، ابھی تک تو یہ دکھائی دیتا ہے کہ پاکستانی بیٹسمین مکمل طور پر ناکام رہے ہیں اور کیوی گیند باز پاکستان بیٹسمینوں کو تگنی کا ناچ نچا رہے ہیں۔اس سے پہلے کیویز نے کالی آندھی کو وائٹ واش کی ہزیمت دیکر واپس گھر بھجوایا ہے۔

اس کے علاوہ اگر دوسری طرف آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان جاری ٹیسٹ مقابلوں کی بات کی جائے تو پہلے ٹیسٹ میں بھارت نے شرمناک شکست کا سامنا کیا جب دوسری اننگ میں بھارتی سورما ریت کی دیوار کی طرح کینگرز کی تیز گیندوں پر ڈھے گئے اور پوری بھارتی ٹیم 36 رنز کے مجموعہ پر پویلین لوٹ گئی لیکن دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اگلے ہی میچ میں جس طرح بھارت مقابلے میں واپس آیا ہے اور کینگرز کو شکست کے دہانے پر پہنچادیا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ میلبورن میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں بھارت باآسانی آسٹریلیا کو شکست دیدیے گا ۔

کرکٹ ناممکنات کا کھیل ہے اور بھارت بلاشبہ تعریف کا مستحق ہے کہ پہلے میچ میں شرمناک شکست کے باوجود اس ناکامی اور رسوائی کو گلے کا طوق بنانے کے بجائے بھارتی کھلاڑی نئے عزم و حوصلے کے ساتھ میدان میں اتر ے اور آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو اپنی بہترین کارکردگی اور حکمت عملی سے اپنے شکنجے میں کس لیاہے اور اس کا کریڈیٹ نئے کپتان اجنکیا رہانے کو نہ دینا زیادتی ہوگی کیونکہ جس طرح انہوں نے ٹیم کو لیڈ کیا بالخصوص ٹیسٹ میچ میں بہترین فیلڈنگ سیٹ کرکے کینگرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیایہ قابل دید ہے اور ایسا ٹیسٹ میچوں میں بہت کم دیکھنے میں آتا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ 4 میچوں کی اس سیریز کا فاتح کون ہوگا۔

اس وقت ایک اور سیریز بھی جاری ہے جہاں آئی لینڈرز کی سرزمین پر سری لنکا اور پروٹیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ جاری ہے اور اس سیریز میں اہم بات تو یہ ہے کہ مضبوط حریف کے سامنے آئی لینڈرز نے بہترین بلے بازی کے جوہر دکھاتے ہوئے پہلی اننگ میں ایک اچھا مجموعہ سیٹ کیا ہے جبکہ جنوبی افریقہ بھی اچھی فارم میں دکھائی دے رہا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان ایک اچھا مقابلہ دیکھنے میں آرہا ہے۔اب دیکھنا یہ ہےکہ آنیوالے دنوں میں شائقین کو ریڈ بال مقابلوں میں کتنی سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی اور جہاں تک ریڈ بال کا تعلق ہے تو یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ کرکٹ کا اصل حسن ریڈ بال میں ہی ہے۔

Related Posts