اسلام آباد،یومِ ماحولیات کی مرکزی تقریب، وزیرِ اعظم مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد،یومِ ماحولیات کی مرکزی تقریب، وزیرِ اعظم مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک
اسلام آباد،یومِ ماحولیات کی مرکزی تقریب، وزیرِ اعظم مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

عالمی یومِ ماحولیات کی مرکزی تقریب آج اسلام آباد میں منعقد ہورہی ہے جس میں وزیرِ اعظم عمران خان مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق ماحولیات کے عالمی دن کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوگی جس میں وزیرِ اعظم عمران خان مہمانِ خصوصی ہوں گے۔تقریب میں اقوامِ متحدہ کے رکن ممالک کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔
ماحولیات کے عالمی دن کی مرکزی تقریب میں چین کے صدر اور اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکریٹری سمیت دیگر بین الاقوامی رہنماؤں کے پیغامات نشر کیے جائیں گے۔ وزیرِ اعظم عمران خان تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم عمران خان یومِ ماحولیات کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت اور نئے اہداف پر عالمی رہنماؤں کو آگہی دیں گے اور  دیگر اہم اعلانات کریں گے۔ تقریب میں دیگر سیاسی رہنما بھی شریک ہوں گے۔
بین الاقوامی یومِ ماحولیات کی مرکزی تقریب میں سیاسی و حکومتی شخصیات، وفاقی و صوبائی وزراء اور غیر ملکی سفیر بھی شریک ہوں گے۔ اس دوران بلین ٹری سونامی منصوبے سمیت دیگر اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔
تقریب میں ملی نغمے، بلین ٹری سونامی کی سائٹس اور پاکستان کے پر فضا مقامات کی جھلک پیش کی جائے گی۔ یومِ ماحولیات کے موقع پر چاروں صوبوں کے ثقافتی شو اور روایتی رقص سے ملکی تہذیب و ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا۔
کنونشن سینٹر اسلام آباد کو آج عالمی یومِ ماحولیات کی تقریب کے حوالے سے پودوں، پھولوں اور سبز پتوں سے سجا دیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان اور دیگر سربراہانِ مملکت تحفظِ ماحولیات پر شعور اجاگر کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یومِ ماحولیات آج منایا جارہا ہے، جس کے تحت موسمیاتی تبدیلیوں، تحفظِ ماحول اور آلودگی کے خلاف شعور اجاگر کیا جائے گا۔ 

عالمی ادارے اقوامِ متحدہ کے تحت ہر سال 5 جون کے روز ماحولیات کا عالمی دن منانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔دن منانے کا آغاز سن 1974ء میں ہوا۔ رواں برس اِس دن کا عنوان تصور، تخلیق اور فطری ماحول کی بحالی رکھا گیا ہے۔ 

مزید پڑھیں: پاکستان سمیت دُنیا بھر میں ماحولیات کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے

Related Posts