سعودی عرب کا جنگی بنیادوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری شروع کرنیکا اعلان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

(فوٹو: اے آر وائی)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ریاض: سعودی عرب نے پاکستان میں جنگی بنیادوں پر سرمایہ کاری شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سے مشیر شاہی دربار اور جنرل سیکریٹری سعودی پاکستان سپریم کو آرڈی نیشن کونسل کی سربراہی میں وفد کی ملاقات ہوئی، اس دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دورانِ ملاقات دو طرفہ معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے غیر معمولی گرمجوشی کا اظہار دیکھنے میں آیا جبکہ سعودی وزیر خارجہ کے دورۂ پاکستان کے دوران سعودی سرمایہ کاری پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران سعودی مشیر شاہی دربار اور وفد نے سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور معاشی معاملات پر گفتگو کی۔

جنرل سیکریٹری سعودی پاکستان سپریم کو آرڈی نیشن کونسل محمد بن مزیاد آل تویجری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب جنگی بنیادوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری پر کام شروع کرچکا ہے۔ سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

سعودی پاکستان سپریم کور آرڈی نیشن کونسل کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ پاک سعودی معاشی تعلقات کو ویژن 2030 کے تناظر میں آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں، پاکستانی افرادی قوت کو تربیت دینے کیلئے ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ  پاک سعودی عرب دیرینہ برادرانہ تعلقات رکھتے ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہورہے ہیں۔ پاک سعودی معاشی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ  پاکستان سعودی اصلاحاتی پالیسی سے مستفید ہونے کا خواہاں ہے۔ سعودی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری پر نمایاں پیشرفت کا اظہار سامنے آیا۔

انہوں نے سعودی عرب میں پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر سعودی وزیر اعظم اور ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اس دوران وفاقی کابینہ کے اراکین اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Related Posts