میں نے ساری دنیا گھوم لی، پاکستان جیسی خوبصورتی کہیں نہیں۔وزیراعظم عمران خان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔وزیرِ اعظم

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ناران: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے پوری دنیا گھوم لی ہے لیکن پاکستان جیسی خوبصورتی کہیں نظر نہیں آئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سیاحتی پراجیکٹس کے افتتاح کیلئے آج ناران کاغان پہنچ گئے جہاں انہیں شعبۂ سیاحت اور شجرکاری سے متعلق خیبر پختونخوا حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اس دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے کیے گئے اقدامات پر خیبر پختونخوا حکومت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ پہلے درخت کٹے ہوتے تھے، آج بڑے بڑے درخت دیکھ رہا ہوں۔

گفتگو کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ کاغان میں جو خوبصورتی ہے وہ دنیا میں شاید ہی کہیں موجود ہو۔ یہاں دریاؤں میں جو ناقص مواد پھینکا جاتا ہے، اس پر پابندی لگائی جائے۔ سیاحت کے فروغ کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں گے۔

اس دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ سیاحت سے ملک میں ریونیو آئے گا اور وہی ہم ان خوبصورت علاقوں میں میں لگائیں گے۔ ہم نے اپنے سیاحتی مقامات کا خیال رکھنا ہے۔ درختوں کی حفاظت کیلئے مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے۔

قانونی معاملات کے حوالے سے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ جو بھی قانون بنایا جائے، اس پر سختی سے عمل کیا جائے۔ پہلے صفائی کی کوئی فکر نہیں کرتا تھا، لیکن یہ نیا پاکستان ہے۔ میں ساری دنیا گھوم چکا ہوں، پاکستان جیسی خوبصورتی کہیں نہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم کلین اینڈ گرین پاکستان کے ویژن پر عمل پیرا ہیں۔ پاکستان کے خوبصورت علاقوں میں شعبۂ سیاحت کو فروغ دینے سے لوگوں کو روزگار میسر آئے گا اور نوکریاں ملیں گی۔ 

خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیر اعظم عمران خان خیبر پختونخوا کے خوبصورت علاقوں ناران اور کاغان کا ایک روزہ سرکاری دورہ کرنے کیلئے ناران پہنچ گئے۔

 ایک روزہ دورے کے موقعے پر وزیر اعظم کو سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ عمران خان سیاحت کے فروغ کیلئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

Related Posts