مغربی ممالک کے متعدد رہنماؤں کو اسلاموفوبیا کی سنگینی کا احساس نہیں۔وزیرِ اعظم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مغربی ممالک کے متعدد رہنماؤں کو اسلاموفوبیا کی سنگینی کا احساس نہیں۔وزیرِ اعظم

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد:  وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مغربی ممالک کے متعدد رہنماؤں کو اسلاموفوبیا کی سنگینی کا احساس نہیں ہے جس کے خلاف عالمی برادری کو مل کر اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کینیڈین ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی نژاد مسلمان خاندان کے قتل پر عوام حیران ہیں۔ پاکستان اپنی آئندہ نسلوں کی بہتری کیلئے سوچ رہا ہے۔

انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری انتہا پسندی روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ پاکستانی خاندان پر دہشت گرد حملے کے خلاف سخت ایکشن لینا ہوگا۔

دورانِ گفتگو وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد سے انسانیت کو تقسیم کیا جارہا ہے۔ نفرت آمیز ویب سائٹس کے خلاف ایکشن لیا جانا چاہئے جبکہ کینیڈین وزیرِ اعظم صورتحال کی سنگینی کا احساس رکھتے ہیں۔

پاکستانی خاندان کے قتل پر عالمی برادری کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ دیگر عالمی رہنماؤں کی جانب سے واقعے کا مؤثر ردِ عمل سامنے نہیں آیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ مغربی دنیا کے متعدد رہنماؤں کو معاملے کی سنگینی کا احساس نہیں۔ اس حملے کے خلاف سخت ایکشن لینا ہوگا جبکہ کینیڈین وزیرِ اعظم  آن لائن نفرت سے لڑنے کی اہمیت سمجھتے ہیں۔

ماضی کے المیے کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ نائن الیون کے بعد دہشت گردی کو اسلام سے جوڑا گیا۔ عالمی برادری نفرت انگیز انتہا پسندی روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔

مسلمان خاندان کے انتقال پر افسوس کا اظہار اور دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے باعث مغرب میں مسلمانوں کو دہشت گردی کے حملوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ 

قبل ازیں کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان کے چاروں شہید افراد کو اونٹاریو کے شہر لندن میں سپردِ خاک کردیا گیا جن کی نمازِ جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

فزیو تھراپسٹ سلمان، ان کی والدہ، بیوی اور بیٹی کی آخری رسومات کے موقع پر کینیڈین حکام کے علاوہ مختلف رنگ، نسل اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: کینیڈا، شہید پاکستانیوں کی تدفین ، آخری رسومات میں ہزاروں افراد شریک

یاد رہے کہ اِس سے قبل کینیڈا میں اسلام دشمنی کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک ہی مسلمان خاندان کے 4 افراد کو گاڑی کے نیچے روند کر قتل کردیا گیا جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا۔

 پولیس نے 20 سالہ کینیڈین شہری کو 4 قتل اور 1 اقدامِ قتل کے الزام کے تحت گرفتار کیا جس نے ایک ہی مسلم خاندان کے 4 افراد کو سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت گاڑی کے نیچے روند کر قتل کیا۔

مزید پڑھیں: کینیڈا میں اسلام دشمنی، مسلم خاندان پر گاڑی چڑھا دی گئی، 4 افراد جاں بحق

Related Posts