کینیڈا میں شہید پاکستانی فیملی کی تدفین ، آخری رسومات میں ہزاروں افراد کی شرکت

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Muslim victims of truck attack in Canada laid to rest

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اونٹاریو: کینیڈا میں شہید پاکستانی فیملی کے چاروں افراد کو لندن اونٹاریو میں سپرد خاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

فزیو تھراپسٹ سلمان، ان کی والدہ، بیوی اور بیٹی کی آخری رسومات کے موقع پر کینیڈین حکام کے علاوہ مختلف رنگ، نسل اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔

فزیو تھراپسٹ سلمان، ان کی والدہ، بیوی اور بیٹی کو ایک دہشت گرد نے ٹرک سے کچل دیا تھا۔8 جون کو پیش آنے والے واقعہ میں مسلم دشمن دہشت گرد کے حملے کے نتیجے میں ایک مرد، 2 خواتین اور ایک بچی سمیت 4 افراد جاں بحق اور ایک بچہ زخمی ہوا۔ عمررسیدہ ماں کے علاوہ جاں بحق افراد میں ان کے بیٹے سلمان بھی شامل ہیں جو پیشے کے اعتبار سے فزیو تھراپسٹ تھے۔

سلمان کی بیگم کے علاوہ ان کی کمسن بیٹی بھی جاں بحق ہوگئی تاہم 9 سال کا بیٹا شدید زخمی ہوا جس کا علاج جاری ہے جبکہ کینیڈا میں دہشت گرد کے حملے کا شکار خاندان کا تعلق پاکستان کے شہر لاہور سے ہے۔

کینیڈا میں نوجوان دہشت گرد کے ہاتھوں قتل ہونے والے پاکستانی خاندان سے اظہارِ یکجہتی کیلئے 12 جون کومارچ کیا گیا جس کے دوران ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے۔

مزید پڑھیں:کینیڈا میں اسلام دشمنی کا واقعہ، مسلم خاندان پر گاڑی چڑھا دی گئی، 4 افراد جاں بحق

مارچ اسی مقام سے شروع کیا گیا جہاں مسلم خاندان کو اسلاموفوبیا کا شکار شخص نے قتل کیا تھا۔ شرکائے مارچ نے بینرز اٹھا رکھے جن پر نفرت کے خلاف نعرے درج تھے۔ اونٹاریو میں دیگر شہروں میں بھی ایسی ہی تقریبات منعقد ہوئیں۔

ملک بھر میں اسلاموفوبیا اور دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھائی گئی۔ سیاستدان، سماجی رہنما اور فنکاروں نے بھی مسلم دشمن شخص کے بہیمانہ اقدام کی شدید مذمت کی۔ جمعرات کو ملزم نتھانیل ویلٹمین کی عدالت میں پیشی تھی۔ مقدمے کی سماعت پیر کو بھی ہوگی۔

Related Posts