پاک فوج وطن کے دفاع کے لیے ہر سطح تک جائے گی، آرمی چیف

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاک فوج وطن کے دفاع کے لیے ہر سطح تک جائے گی، آرمی چیف
پاک فوج وطن کے دفاع کے لیے ہر سطح تک جائے گی، آرمی چیف

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج قوم کی خدمت اور وطن کے دفاع کے لئے ہر سطح تک جائے گی، پاک فوج کے جوان ہر قیمت پر وطن کا دفاع کرتے رہیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 78ھویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فارمیشنز کمانڈرز نے شرکت کی۔

کانفرنس کے شرکاء نے جیو اسٹریٹجک صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز سمیت خطرات سے نمٹنے کیلئے جوابی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانفرنس میں مختلف پیشہ وارانہ امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی، آرمی چیف نے آپریشن رد الفساد کی کامیابیوں کو تقویت دینے کیلئے ملک میں جاری استحکام آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء نے قبائلی اضلاع میں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مقامی افراد کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع اور بلوچستان میں جاری سماجی اور اقتصادی ترقی کے عمل پر بھی غور کیا گیا۔ کانفرنس میں مشرقی سرحدوں اور مقبوضہ جموں کشمیر کی تازہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء نے کشمیریوں کی جدوجہد حق خودارادیت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہئے۔ شرکاء نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے بامقصد کردار کو بھی سراہا۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجودہ نے تازہ جیو اسٹریٹجک صورتحال کے پیش نظر ایل اوسی، ورکنگ باؤنڈری اور پاک افغان بارڈر پر آپریشنل تیاریاں برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اپنی آپریشنل تیاریاں جاری رکھے تاکہ کسی بھی خطرے کی صورت میں بھرپور جواب دیا جاسکے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے مختلف تربیتی مشقوں میں فارمیشن کے تربیتی معیار کی تعریف کی اور افسروں اور جوانوں کے بلند عزم و حوصلے کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وبا، ٹڈی دل اور پولیو کے خاتمے کی قومی کوششوں کے لئے پاک فوج کے مکمل تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ پاک فوج قوم کی خدمت اور وطن کے دفاع کے لئے ہر سطح تک جائے گی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے ملتان اور منگلا کور کو بہترین کارکردگی پر ٹرافیز سے بھی نوازا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 13 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا

Related Posts