نواز شریف کی سزا معطل ہے، حکومتی توہین عدالت کررہی ہے، مریم اورنگزیب

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نواز شریف کی زندگی کو لاحق خطرات بڑھ رہے ہیں۔مریم اورنگزیب
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نواز شریف کی زندگی کو لاحق خطرات بڑھ رہے ہیں۔مریم اورنگزیب

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد :پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومتی وزراء کی پریس کانفرنس اور وزیراعظم کے بیان پر ردعمل کا اظہا ر کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومتی وزراء عدالتی فیصلے کی من مانی تشریح کر کے توہین عدالت کر رہے ہیں۔

نواز شریف کی سزا تمام کیسز میں معطل ہے،حکومت اپنے حکومتی حد میں رہے عدالت نہ بنے،انشاء اللہ محمد نواز شریف کے صحت یاب ہونے کے بعد وطن واپسی پر ان کا شاندار استقبال کریں گے۔

اتوار کو ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وزراء نے پریس کانفرنس میں پیغام دیاکہ انہیں عدالتی فیصلہ قبول نہیں،محمد نواز شریف کی سزا تمام کیسز میں معطل ہے،تمام مقدمات میں محمد نواز شریف کی سزا عدالت معطل کرچکی ہے ،اعلیٰ عدلیہ نے سزا معطلی کے فیصلہ میں تحریر کیا ہے کہ بادی النظر میں محمد نواز شریف کو دی گئی سزا غلط ہے،حکومت اپنے حکومتی حد میں رہے عدالت نہ بنے۔

انہوںنے کہاکہ وزراء عدالتی فیصلے کی غلط تشریح و تعبیر کرکے ڈھٹائی اور بے شرمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلے میں یہ بھی لکھا ہے کہ جس شخص کی سزا اعلی عدلیہ معطل کر چکی ہو،اس میں حکومت مداخلت کرکے کوئی شرط اوراس کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈال سکتی ۔انہوں نے کہاکہ عدالت نے شرط نہیں لگائی تھی تو پھر حکومت نے عدالت بننے کی کوشش کیوں کی؟۔

مزید پڑھیں : نواز شریف کو بیرون ملک منتقل کرنے کی تیاریاں ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دی گئی ہیں، مریم اورنگزیب

حکومت نے عدالت کا اختیار استعمال کرنے کی ناکام کوشش کی ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی نے ان کے ہاتھ میں کسی کے لئے خیر نہیں رکھی تو کم ازکم منہ ہی بند کر لیں تاکہ مزید رسوائی سے بچ سکیں ،کابینہ کو غور کرنا چاہیے کہ وزیراعظم کی نالائقی اور نااہلی کا کیا علاج ہے؟ ۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ کو غور کرنا چاہیے کہ ٹماٹر کی قیمت ڈالر سے زیادہ کیوں ہے؟ ،حکومت کو شرم آنی چاہیے کہ وہ ٹماٹر ڈالر سے مہنگا ہوگیا ہے۔

کابینہ کو غور کرنا چاہیے کہ ایک سال میں میں تاریخی 11 ہزار ارب سے زیادہ قرضہ کیوں لیا؟ ۔ انہوںنے کہاکہ کابینہ کو غور کرنا چاہیے کہ ایک سال میں ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی 14فیصد کیوں ہوئی؟ ،کابینہ غورکرے کہ گیس کی قیمت 200 فیصد اور بجلی کی قیمت 50 فیصد بند کیوں بڑھائی؟ ،کابینہ غورکرے کہ پاکستان میں آج روٹی، روزگار، کاروبار، دوکان، فیکٹری اور صنعت کیوں بند ہے ؟ ،کابینہ غور کرے کہ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر حکومت کب دے گی؟ ۔

کابینہ غور کرے کہ اس نے قوم کے ساتھ اتنے جھوٹ کیوں بولے؟ ۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ غور کرے کہ قوم مہنگائی، بے روزگاری اور بدترین معاشی حالات سے دوچار ہے اور نااہل وزیراعظم چھٹی پر چلے گئے ہیں ،کابینہ غورکرے کہ الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ چوری کے کیس میں جواب کیا دینا ہے؟ ،22 کروڑ عوام کی دعاؤں کے سائے میں منگل کو محمد نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لیے الوداع کہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ محمد نواز شریف کے صحت یاب ہونے کے بعد وطن واپسی پر ان کا شاندار استقبال کریں گے،حکومت محمد نواز شریف اور شہباز شریف سے حسد کے بجائے عوام کی خدمت پر توجہ دے۔

Related Posts