وزیراعلیٰ سندھ کا عیدمیلادالنبی ﷺ پر سیکورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا حکم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Eid Milad-un-Nabi programmes
وزیراعلیٰ سندھ کا عیدمیلادالنبی ﷺ پر سیکورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا حکم

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات اور محکمہ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ عیدمیلادالنبی ﷺ کے پروگراموں بالخصوص جلوسوں کے حوالے سے تمام تر ضروری انتظامات بشمول سڑکوں کی مرمت، نکاسی کے نظام کی بہتری ، رواں پانی کی فراہمی اور سیکوریٹی کے فُل پروف انتطامات کیے جائیں ۔

انہوں نے یہ ہدایات آج وزیراعلیٰ ہائوس میں مختلف مکتبہ فکر کے علماء کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں ۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، صوبائی وزراء، سعید غنی، سید ناصر شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب، میئر کراچی وسیم اختر ،وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی اور وقار مہدی، سیکریٹری داخلہ قاضی کبیر ، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن، ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

ایڈیشنل آئی جی پولیس غلام نبی میمن نے کہا کہ انہوں نے اور ان کے ایس ایس پیز نے علماء کے ساتھ عیدمیلاد النبی ﷺ کے پروگراموں اور جلوسوں کے حوالے سے کیے جانے والے سیکورٹی انتظامات سے متعلق انہیں اعتماد میں لیا ہے۔

مزید پڑھیں : ارسا کے ذریعے پانی کی تقسیم کے بعد سندھ کو مسائل کا سامنا ہے، مراد علی شاہ

انہوں نے کہا کہ یہ ایک میگا ایونٹ ہے جس کے لیے سیکورٹی کے فل پروف اقدامات کیے گئے ہیں ۔ علماء نے کہا کہ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث عیدمیلا دالنبی ﷺ سے متعلق پروگراموں کے انعقاد کے حوالے سے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک اتھارٹیز کو چیف سیکریٹری کے ذریعے ہدایت کی کہ وہ عید میلاد النبی ﷺ12 ربیع الاول تک لوڈ شیڈنگ نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پر کے الیکٹرک کے کیبل فالٹ ہوں تو انہیں بھی فوری طورپر درست کیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مساجد ، عمارتوں اور اہم اداروں کوعیدمیلادالنبی ﷺ منانے کے حوالے سے سجایا گیا ہے لہٰذا انہوں نے کے الیکٹرک کو ہدایت کی کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔

اجلاس میں سڑکوں کی خراب حالت ،گٹروں کے اوور فلو اور پانی کی رواں فراہمی سے متعلق اٹھائے گئے ایشوز پر وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر بلدیات کو ان مسائل کو حل کرنے کی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ نے کہا کہ وہ علماء کے ساتھ رابطے میں ہیں اور انہوں نے ان کے ساتھ متعدد اجلاس بھی منعقد کیے ہیں ۔

علماء کے توجہ دلانے پر وزیراعلیٰ سندھ نے میئر کراچی وسیم اخترکو ہدایت کی کہ وہ اسٹریٹ لائٹس کی دیکھ بھال ، مرمت وغیرہ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں میں اسٹریٹ لائٹس لازمی طورپر وقت پر روشن کی جائیں ۔

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ وہ مختلف سڑکوں کی مرمت کا کام کرا رہے ہیں اور انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ہے تاکہ تمام مسائل کو حل کیا جا سکے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ نے اجلاس کو بتایا کہ انہوں نے کلب روڈ پر دھنس جانے والے گٹر لائن کی مرمت کردی ہے اور وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر انہوں نے سڑکوں پر بہنے والے گٹر کے پانی کو بھی صاف کردیا ہے۔ اب علاقہ صاف ہے اور گٹروں میں روانی کے ساتھ نکاسی کا پانی بہہ رہاہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اہم اجلاس، کراچی میں صفائی ستھرائی کا جائزہ

وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ عیدمیلادالنبی ﷺ کے جلوسوں کے روٹس سے کچرا اور گاربیج اٹھا لیں۔

صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ نے کہا کہ وہ نہ صرف کراچی میں علماء کے ساتھ رابطے میں ہے بلکہ انہوں نے صوبہ بھر میں عیدمیلادالنبی ﷺ کی تقریبات کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں ۔

علماء جنہوں نے اجلاس میں شرکت کی ان میں حاجی حنیف طیب ، علامہ شاہ عبدالقادری، مولانا اکبر ادریس ، اویس نورانی، سروت اعجاز قادری، یحییٰ راٹھور، ڈاکٹر کوکب نورانی، صوفی محمد حسین ، علامہ کامران قادری، یحییٰ عطاری، سید محمد علی شاہ، سید شاہ سراج الحق قادری،مولانا عابد علی، محمد عاطف بلو، مولانا فیروزالدین رحمانی، بلال سلیم قادری ، سید منصور ہاشمی اور فہیم شیخ شامل تھے۔

Related Posts