تحقیقاتی اداروں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کے ماسٹر مائنڈ کا سراغ لگا لیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

تحقیقاتی اداروں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کے ماسٹر مائنڈ کا سراغ لگا لیا
تحقیقاتی اداروں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کے ماسٹر مائنڈ کا سراغ لگا لیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی:  تحقیقاتی اداروں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کا سراغ لگا لیا ہے جس کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق مبینہ طور پر بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے ثابت ہوتا ہے۔

بعض ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم (بی ایل اے) کا کمانڈر بشیر زیب دہشت گرد حملے کا ماسٹر مائنڈ ہے جبکہ اسلم اچھو نے چینی قونصلیٹ پر حملہ کروایا تھا جو بشیر زیب سے قبل  بی ایل اے کا کمانڈر رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کی طرف سے فنڈنگ کے شواہد بھی ملے ہیں جبکہ دہشت گرد بشیر زیب اپنے ساتھی اللہ نظر کے ساتھ افغانستان کے شہر قندھار میں ہے۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ پر دہشت گرد حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی جس کے مطابق دہشتگردوں کی شناخت تسلیم بلوچ، شہزاد بلوچ، سلمان اور سراج کے نام سے ہوئی اور ان کی عمریں 25 سے 35 سال کے درمیان ہیں۔

واقعے میں تربیت یافتہ دہشت گردوں کی  استعمال شدہ گاڑی کی نمبر پلیٹ جعلی نکلی ہے جس کا انجن نمبر اور نمبر پلیٹ الگ الگ ہیں۔گاڑی نجی بینک کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ حملے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ معاملے کی تحقیقات شروع ہو چکی ہے۔ حملے کے ماسٹر مائنڈ تک پہنچا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل  پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر حملہ کرنے والے ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام ہو گئے، بلڈنگ پر گزشتہ روز ہونے والے حملے کا مقدمہ آج درج کر لیا گیا جبکہ کاروباری سرگرمیاں معمول پر آگئی ہیں۔

ایس ایچ او میٹھا در تھانہ کی مدعیت میں دہشت گردوں کے خلاف درج کیے گئے مقدمے میں دھماکہ خیزمواد کے ایکٹ اور سندھ اسلحہ ایکٹ، دہشت گردی، قتل اور اقدامِ قتل کے ساتھ ساتھ پولیس مقابلے کی دفعات بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ پر حملے کا مقدمہ درج، کاروباری سرگرمیاں بحال 

Related Posts